• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ کے پرائیویٹ سیکریٹری سلیم بجاری کے بیٹے نے پولیس اہلکاروں کی بےعزتی کردی

حیدرآباد(بیورو رپورٹ) قاسم آباد میں بگڑے نواب کے ہاتھوں پولیس اہلکاروں کی سر عام بے عزتی کی وڈیووائرل ہونے ‘پولیس افسران پر شدید نکتہ چینی کے بعد ایس ایس پی حیدرآباد نے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پرائیویٹ سیکریٹری سلیم باجاری کے بیٹے ارسلان باجاری اوراس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کاحکم دیدیا‘ ایس ایس پی حیدرآباد کے احکامات کے باوجود قاسم آباد تھانے میں 15مددگار قاسم آباد کے انچارج اظہرراہ پوٹو کی مدعیت میں درج کرائے گئے مقدمہ میں سرعام بدتمیزی کرنے والے کو سلیم باجاری کارشتہ دار قراردیکر اس کانام شامل کئے بغیر ساتھ موجود ایک پولیس اہلکار سمیت 3نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیاگیاہے۔ قاسم آباد تھانے میں کرائم نمبر 2024/433زیردفعہ 149,147,504,353پی پی سی کے تحت درج کرائے گئے مقدمہ میں کہاگیا ہے کہ دوران چیکنگ تیز رفتار گاڑی کو چیکنگ کے لئے رکنے کااشارہ کیاگیا تو ڈرائیونگ سیٹ پر موجود شخص نے ایمرجنسی بریک لگائے اور شیشے سے سرنکال کر غصہ میں کہا کہ مجھے نہیں جانتے ہیں سلیم باجاری کا رشتہ دارہوں‘ میری گاڑی روکنے کی ہمت کیسے کی‘ 4,4پولیس اہلکار میری گاڑی کے ڈالے میں میرے ساتھ چلتے ہیں۔ اس پر انہیں بتایا کہ پولیس اہلکار اامن وامان کے قیام کے لئے معمول کی چیکنگ کررہے ہیں جس پر ڈرائیونگ سیٹ پر موجود شخص مشتعل ہوکر گاڑی سے اترآیا۔ اس دوران اس کے ساتھ پولیس وردی میں ملبوس گداحسین بھی گاڑی سے اترآیا اس کے ساتھ موجودایک اور شخص نے پولیس اہلکاروں کی سرعام بے عزتی کی اورگاڑی میں سوار ہوکر چلے گئے ۔مقدمہ کے اندراج اور ایف آئی آر کی تفصیلات سوشل میڈیا پرآنے کے بعد شہریوں نے واضح طورپر وزیراعلیٰ سندھ کے پرائیویٹ سیکریٹری سلیم باجاری کے بیٹے ارسلان کانام ایف آئی آر میں شامل نہ کرنے پر شدید غم و غصہ کااظہار کیا ہے ۔ پولیس کاکہناہے کہ پولیس اہلکاروں کی بے عزتی کرنے والا ارسلان فرارہوگیاہے۔ پولیس نے گرفتاری کے لئے کاروائی کی تھی لیکن وہ نہیں ملا۔
اہم خبریں سے مزید