کراچی(اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے ملنے والی سہ ماہی گرانٹ کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انجمن کے صدر، پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے کہا کہ سندھ ایچ ای سی اور وفاقی ایچ ای سی کی جانب سے گرانٹس کی بروقت عدم فراہمی سے نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ دیگر یونیورسٹیوں میں بھی تنخواہوں کی ادائیگی میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تاخیر کے باعث اساتذہ اور دیگر عملے میں بے چینی اور عدم اطمینان کی کیفیت پیدا ہو رہی ہے، جو تعلیمی ماحول پر بھی منفی اثر ڈالتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ وہ ایچ ای سی کے موجودہ طریقہ کار پر نظر ثانی کریں ۔