• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قصور میں پیدا ہونے والے بچے موذی بیماریوں میں مبتلا ہیں: جسٹس شاہد کریم

لاہور ہائی کورٹ — فائل فوٹو
لاہور ہائی کورٹ — فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ میں اسموگ کے تدارک سےمتعلق درخواستوں پر سماعت کی۔

 جسٹس شاہد کریم نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کےخلاف کریک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ چنگ چی رکشوں سے متعلق پالیسی بنانے کی بھی ضرورت ہے، موٹر سائیکلیں بھی آلودگی پھیلانے میں بہت بڑا کردار ادا کر رہی ہیں، حکومت نے سپر سیڈ پر سبسڈی دی ہے، پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی سبسڈی کی ضرورت ہے۔

ایل ڈی اے کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ لاہور کے 19 انڈر پاسز سے متعلق انکوئری رپورٹ جمع کروا دی ہے، انڈر پاسز سے ایل ای ڈی لائٹس چوری ہو گئی ہیں، پی ایچ اے ہر انڈر پاس کی نگرانی کرے گا تا کہ دوبارہ ایسا نہ ہو۔

جسٹس شاہد کریم نے ہدایت کی کہ آپ مختلف محکموں سے میٹنگز کریں اور رپورٹس جمع کروائیں، قصور ٹینریز کے خراب پانی سے وہاں کے شہری بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، قصور میں جو بچے پیدا ہوتے ہیں وہ بھی موذی بیماریوں میں مبتلا ہیں، کمشنر لاہور فوری قصور ٹینریز کے ری فلٹر پلانٹ سے متعلق اقدامات کریں۔

عدالت نے اسموگ کے تدارک سے متعلق درخواستوں پر کارروائی آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید