گلاسگو (طاہر انعام شیخ) چانسلر ریچل ریوز نے سکاٹش حکومت کوبارنٹ فارمولے کے تحت اگلے سال کے لئے اضافی 3.4بلین پونڈز دیئے ہیں جبکہ موجودہ سال میں بھی 1.5بلین پونڈز دیئے جائیں گے۔ چانسلر نے کہا کہ گزشتہ 25برسوں میں کسی بھی صوبائی ریاستی حکومت کو دی جانے والی یہ سب سے زیادہ امداد ہے۔ سکاٹش فرسٹ منسٹر جان سوینی نے اضافی فنڈنگ کا توخیرمقدم کیا لیکن اس بات پر مایوسی کا اظہار کیاکہ دو بچوں سے زیادہ کو بینیفٹ نہ دینے اور سردیوں میں انرجی کی مد میں مدد پر آمدنی کے ذرائع چیک کرنے کے معاملات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ لیبر پارٹی سکاٹ لینڈ کے سربراہ انس سرور نے بجٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک گیم چینجر بجٹ ہے جو کٹوتیوں کے دور کے خاتمے کا باعث بنے گا۔ سکاٹش کنزرویٹو کے لیڈر رسل فنڈلے نے کہا کہ لیبر کے نئے بجٹ میں ٹیکسوں میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے۔ ریچل ریوز نے تسلیم کیا کہ انہوں نے ٹیکسوں کے متعلق جو سخت فیصلے کئے ہیں، یہ ملک میں معاشی استحکام لانے کے لئے ضروری تھے۔