• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی بڑی سیاسی قوت بن چکی، حکومت کے پاس عوامی فلاح کا ایجنڈا نہیں، شہزاد قریشی

گریٹر مانچسٹر / بولٹن (ابرار حسین)تحریک انصاف برطانیہ کے مرکزی رہنما اور صوبائی اسمبلی سندھ کے رکن شہزاد قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اس وقت ملک میں ایک بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے اور یہ واحد پارٹی ہے جو ملک کو مستحکم کرنا چاہتی ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ کرپشن مافیا کا خاتمہ کیا جائے اور ایک ایسی حکومت قائم کی جائے جو عوام کے مسائل حل کر سکے تاکہ ملک ایک بہتر سمت کی جانب گامزن ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایک منعقدہ تقریب کے بعد جنگ و جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس عوامی فلاح و بہبود کا کوئی ایجنڈا نہیں جس سے عوام کو سہولتیں میسر آسکیں جبکہ بیوروکریسی حکومت کے مفادات کو تحفظ دینے میں مصروف ہے جس سے ملک نت نئے بحرانوں کا شکار ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا حکومت تحریک انصاف کے مینڈیٹ پر شب خون مار کر 26ویں ترمیم کے ذریعے اپنے اقتدار کو طول دینے کی کوششوں میں مصروف ہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا اس وقت پوری قوم کی نظریں قیدی نمبر 804 پر لگی ہوئی ہیں اور تحریک انصاف کے بانی واحد قومی رہنما ہیں جو پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا عوام نے الیکشن کے دوران تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دے کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ پیشہ ور سیاستدانوں سے اکتا چکے ہیں جس سے حالات بتا رہے ہیں کہ موجودہ حکمرانوں کے اقتدار کا سورج ڈوب رہا ہے۔ انہوں نے کراچی کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو تباہ کرنے والے سیاستدانوں کی سیاست دفن ہو چکی ہے کیونکہ کراچی پر حکمرانی کرنے والی جماعتیں پاکستان پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) اپنے مشترکہ مفادات کی خاطر شہر کو برباد کر رہی ہیں دونوں جماعتیں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں جس سے دونوں جماعتیں لوٹ مار میں ملوث ہیں اور دونوں کا ایک ہی نعرہ ہے آؤ مل کر کھاتے ہیں اس طرح دونوں جماعتیں کراچی کی بربادی پر تلی ہوئی ہیں اور دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا 15 سالہ پی پی پی حکومت اور اس سے قبل ایم کیوایم کے دور میں کراچی کا انفراسٹرکچر بدستور بوسیدہ ہے اور شہریوں کو پانی کی سپلائی میں کوئی اضافہ نہیں ہوا جس سے لوگ پانی کی بوندبوند کو ترس رہے ہیں جبکہ دوسری جانب کراچی کا شہر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور لوگ ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر سفر کرنے پرسفر کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں کراچی میں تبدیلیاں متعارف کرائیں، گرین لائن بس سروسز شروع کی اور فائریگیڈ کی سہولت کو بہتر بنایا۔ تحریک انصاف نے کےفور سمیت متعدد منصوبے شروع کئے مگر حکومت کی تبدیلی کے بعد ان سب منصوبوں کو روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا انتخابات میں دھاندلی کرتے ہوئے جعلی فارم 47 کے ذریعے تحریک انصاف کو ہرایا گیا اور مسترد شدہ جماعتوں کے نمائندوں کو منتخب کرکے ایوانوں میں پہنچایا گیا جس سے عوام مایوس ہو کر اب ان چور حکمرانوں کو مسترد کر چکی ہے۔

یورپ سے سے مزید