• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی دفاعی صنعت جدت طرازی اور اسٹریٹجک شراکت داری پر استوار ہے، ڈاکٹر محمد فیصل

لندن ( جنگ نیوز) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت جدت طرازی اور اسٹریٹجک شراکت داری پر مبنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے 19 سے 22 نومبر 2024 کو کراچی میں ہونے والی بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار (آئیڈیاز) میں شرکت کرنے والی برطانوی کمپنیوں کے لیے منعقدہ پری ایونٹ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ استقبالیہ میں این ایس ایس ایل گلوبل، تھری ڈی گلوبل، ٹوٹل انٹیگریٹڈ سروسز لمیٹڈ، انٹیگریٹڈ پروکیورمنٹ ٹیکنالوجی اور مکینیکل فیلڈ سپورٹ سمیت معروف فرمز کی سینئر مینجمنٹ کے علاوہ اے ڈی ایس گروپ اور برطانوی حکومت کے ڈپارٹمنٹ آف بزنس اینڈ ٹریڈ نے شرکت کی۔ ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ آئیڈیاز 2024 میں برطانوی پویلین کا قیام ہمارے دفاعی تعاون میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس تاریخی شرکت سے پاکستان کی دفاعی مارکیٹ پر برطانیہ کے اعتماد کا اظہار ہے اور اس سے ہماری دفاعی صلاحیتوں کا مثبت جائزہ لینے، بامعنی شراکت داری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کو باہمی فوائد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ ہائی کمیشن آف پاکستان ڈیفنس ونگ کے پروکیورمنٹ ڈویژن، اے ڈی ایس گروپ اور برطانیہ کے ڈپارٹمنٹ آف بزنس اینڈ ٹریڈ کے درمیان کامیاب کوآرڈینیشن نے یوکے پویلین کو ممکن بنایا۔ اس مشترکہ کاوش سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ آئیڈیاز کی تاریخ میں پہلی بار برطانیہ کیلئے مخصوص پویلین قائم کیا جائے گا۔ برطانیہ کا 25 رکنی وفد بشمول ائربس ڈیفنس اینڈ اسپیس، ایم بی ڈی اے اور پاکستان برطانیہ بزنس کونسل بھی آئیڈیاز 2024 میں شرکت کرے گا۔ آئیڈیاز 2024 دفاعی افواج کو جدید ترین مصنوعات اور ٹیکنالوجی کا جائزہ لینے کے لئے ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کرے گا، اعلی سطح کے مندوبین، پالیسی سازوں، سفارت کاروں اور دفاعی خریداری کے ماہرین کے ساتھ ملاقاتوں اور نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کرے گا۔

یورپ سے سے مزید