بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور کامیڈین راجپال یادیو صحافی کے سوال پر غصے میں آگئے ، موبائل فون بھی چھین لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق راجپال یادیو ایک صحافی کی جانب سے دیوالی پر دیا جلانے کے بارے میں ان کی حالیہ معذرت پر پوچھے گئے سوال پر غصے آگئے ۔
اس صحافی نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ راجپال نے ان کا فون پھینکنے کی کوشش کی لیکن اس دوران ویڈیو ریکارڈ ہوتا رہا اور اب یہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔
راجپال یادیو نے اس ہفتے کے اوائل میں اپنے پرستاروں سے درخواست کی تھی کہ وہ دیوالی پر پٹاخے نہ پھوڑیں کیونکہ یہ عمل ہوا اور شور کی آلودگی کا سبب بنتا ہے۔
تاہم مذہبی اور انتہا پسند حلقوں کی جانب سے جب ان کے اس بیان پر سخت ردعمل آیا تو انہوں نے دو روز قبل سوشل میڈیا ہینڈل سے نہ صرف اپنی یہ درخواست ڈیلیٹ کی بلکہ ایک نئی ویڈیو شیئر کی۔
نئی ویڈیو میں انہوں نے ہندی میں تمام دوستوں کو ہیلو کہتے ہوئے دیوالی پر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے سوشل میڈیا پر جو ویڈیو شیئر کی تھی وہ ہٹا دی ہے۔
راجپال نے کہا کہ دنیا بھر میں جنھیں اس سے تکلیف پہنچی وہ ان سے معذرت خواہ ہیں، میری خواہش ہے کہ آپ پورے جوش و جذبے کے ساتھ دیوالی منائیں، صحت مند اور مصروف رہیں۔
یاد رہے کہ 53 سالہ راجپال یادیو حال ہی میں ریلیز ہونے والی انیس بزمی کی ہارر کامیڈی فلم بھول بھلیاں 3 میں نظر آئے ہیں، جس میں انھوں نے چھوٹا پنڈت کا کردار ادا کیا ہے۔