پشاور(جنگ نیوز) صوبائی حکومت کے عوامی ایجنڈا کو عملی جامہ پہنانے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے عزم کے ساتھ ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال بٹگرام کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے میں انہوں نے ایمرجنسی، ڈائلیسز، ڈینگی اور جنرل وارڈ سمیت مختلف وارڈز اور طبی شعبہ جات کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات اور عملے کے رویے کا براہ راست جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس دوران انہوں نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے طبی سہولتوں کے معیار، عملے کے برتاؤ اور علاج کی بروقت دستیابی پر بھی گفتگو کی۔