کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو افسر بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ اور وزیر صحت کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو ہیلتھ کارڈ کے ذریعے علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی خصوصی ہدایت پر صوبے میں ہیلتھ کارڈ پروگرام کے نافذ کا جائزہ لینے اور مزید مضبوط بنانے کیلئے ٹریژری کیئر اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں سول اسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹر نوراللہ موسیٰ خیل ، بولان میڈیکل اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سلطان لہڑی ، ہیلپر آئی ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اسحٰق پانیزئی ، فاطمہ جناح اسپتال کوئٹہ ، بے نظیرہسپتال کوئٹہ ، شیخ زید ہسپتال کوئٹہ کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں اسپتالوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں مریضوں کے قومی شناختی کارڈ ، ادویات کی تقسیم اور مریضوں کی آمد و رفت کے انتظامات پر غور کیا گیا ۔ ڈاکٹر سمیع اللہ نے بلوچستان کے تمام شہریوں کو صحت کی سہولیات تک رسائی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور اسپتال انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ پروگرام کے مقاصد کے حصول کے لئے مکمل تعاون کرے، یہ اقدامات حکومت کے وسیع تر وژن کا حصہ ہیں جس کا مقصد صحت کے نظام کو عوام کی ضروریات کے مطابق مزید بہتر اور موثر بنانا ہے ۔