• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ‘ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی نجکاری کی اسٹڈی رپورٹ شائع

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان سول سروسز اکیڈمی جو کہ تحقیق اور پالیسی کی ترقی کے لئے ایک خود مختار ادارہ ہے نے حال ہی میں کوئٹہ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی نجکاری کے حوالے سے ایک جامع اسٹڈی پر مبنی رپورٹ شائع کی ہے۔ یہ اسٹڈی بی سی ایس اے کے ڈائریکٹر جنرل حفیظ جمالی اور ڈائریکٹر شبانہ سلطان کی نگرانی میں سر انجام پائی ۔ تحقیقی کام میں بلوچستان حکومت کے گریڈ 18 کے 8 سینئر افسران نے حصہ لیا اور گراؤنڈ سروے، موجودہ معاہدے کا جائزہ، مالیاتی تجزیہ اور عملی کارکردگی کا مشاہدہ کیا۔رپورٹ کے نتائج نے واضح طور پر مثبت پہلوؤں کو اجاگر کیا ،جس میں 90 فیصد جواب دہندگان نے اس نجی مینجمنٹ سسٹم پر اطمینان کا اظہار کیا،اعداد و شمار کوئٹہ کے کمشنر اور بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر فیصل کی محنت و کاوشوں کی عکاسی کرتے ہیں، جن کی انتھک محنت نے شہری خدمات کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔منصوبے کے ایک اہم نتیجے میں گھوسٹ ملازمین، فرضی بل اور گاڑیوں کی بے قاعدہ مرمت جیسے مسائل کا خاتمہ ہے، جو پچھلے عشرے کے دوران کوئٹہ کے ویسٹ مینجمنٹ نظام کو متاثر کرتے رہے ہیں۔ تاہم ان اصلاحات نے ان لوگوں کو بھی ناراض کیا جو پرانے ناکارہ نظام سے فائدہ اٹھا رہے تھے۔ منصوبے کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے تاکہ کوئٹہ کی صفائی اور عوامی خدمات کے معیار کو متاثر کرنے والے پرانے نظام کو دوبارہ بحال کیا جا سکے۔یہ رپورٹ جو اگلے ہفتے وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کی جائے گی کوئٹہ کو صاف اور موثرانداز میں منظم شہر بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
کوئٹہ سے مزید