دوحہ(نیوز ڈیسک)پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف تیسری مرتبہ عالمی اسنوکر چیمپین بن گئے۔آئی بی ایس عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کے سنسنی خیز فائنل میں ایشین چیمپئن ایران کے علی گھر غوزلو کو محمد آصف نے 3-5سے شکست دےکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ محمد آصف نے 9فریمز پر مشتمل فائنل میں اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے حریف کھلاڑی کو بے بس کر کے رکھ دیا اور فتح اپنے نام کی، اس کامیابی کے ساتھ ہی محمد آصف تیسری مرتبہ عالمی اسنوکر چیمپئن بن گئے۔ محمدآصف نے اس فتح کے ساتھ بھارت کے پنکج ایڈوانی کا تین مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ پاکستانی کیوئسٹ نےٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 6سینچری بریک کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا، انہوں نے قبرص کے کھلاڑی مائیکل جورجیو کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-5سے شکست دے کر فائنل میں رسائی پائی تھی۔فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 42سالہ محمد آصف نے پہلی مرتبہ 2012میں آئی بی ایس ایف عالمی اسنوکر چیمپین شپ جیتی تھی ، 2019میں دوسری بار عالمی اسنوکر چیمپئن بنے ۔دریں اثنا پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ اور دیگر عہدے داران نے محمد آصف کو شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی ہے۔