• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 سال سے لاپتہ ایم کیو ایم لندن کے کارکن کو ہر ممکن تلاش کرنے کا حکم

سندھ ہائی کورٹ — فائل فوٹو
سندھ ہائی کورٹ — فائل فوٹو

سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو لاپتہ شہری کو ہر ممکن طور پر تلاش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت میں سرکاری ملازم ثاقب آفریدی کی 2015ء سے گمشدگی کے کیس کی سماعت ہوئی۔

جسٹس صلاح الدین پہنور استفسار کیا کہ ثاقب آفریدی 2015ء سے لاپتہ ہے، 9 سال ہو گئے، کیا وہ کسی کیس میں پولیس کو مطلوب تھا کہ روپوش ہو گیا؟

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ 1998ء میں ثاقب آفریدی کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا لیکن وہ مقدمے سے بری ہو گیا تھا، شہری روپوش نہیں گم ہو گیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل عبداللطیف پاشا ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ثاقب آفریدی کراچی ہارٹ ڈیسز اسپتال میں ملازمت کرتا تھا، جب لوگوں کو اٹھانے کی لہر چلی تو اس کو بھی اٹھا لیا گیا۔

جسٹس صلاح الدین پہنور نے پوچھا کہ کیا ثاقب آفریدی کا تعلق ایم کیو ایم سے تھا؟ 

اس سوال پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ لاپتہ شہری کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے تھا۔

جسٹس صلاح الدین پہنور نے استفسار کیا کہ وجہ کیا ہے؟ شہری کو کیوں اٹھایا ہوا ہے؟ 

درخواست گزار کے وکیل عبداللطیف پاشا ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ ان کی مرضی، وہ جس کو چاہے اٹھا لیں۔

عدالت نے لاپتہ شہری کو تلاش کرنے کا حکم دے دیا اور تفتیشی افسر کو یہ ہدایت کی کہ معاملے پر پیش رفت رپورٹ متعلقہ مجسٹریٹ کو دے۔

قومی خبریں سے مزید