• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامو فوبیا اور تعصب اور امتیاز کے خلاف مل کر کام جاری رکھیں گے، مانچسٹر کونسل لیڈر

گریٹر مانچسٹر/ بولٹن( ابرار حسین ) مانچسٹر کونسل کی لیڈر اسلامو فوبیا کے بارے میں آگاہی کے مہینے سے پہلے مانچسٹر کی مسلم کمیونٹیز کے تعاون کا جشن منا رہی ہیں۔ کونسل لیڈر کونسلر Bev Craig نے کہا ہے کہ مانچسٹر ایک ایسا شہر ہے جہاں ایک منفرد کمیونٹی رہتی ہے جس پر ہمیں فخر ہے اور ہم نے اس کردار کو نبھانا ہے جو ہماری تمام کمیونٹیز ہمارے شہر کو ایک غیر معمولی جگہ بنانے میں ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا سے متعلق آگاہی کا یہ مہینہ پہلے سے کہیں زیادہ اہم محسوس ہوتا ہے کہ اس شہر میں ہماری مسلم کمیونٹیز کی شراکت کا جشن منایا جائے۔ ہم تقسیم کے بیج بونے کی کوشش کرنے والوں کی طرف سے ان کے، یا کسی بھی کمیونٹی کے خلاف نفرت کو برداشت نہیں کریں گے۔ یہ وہ شہر ہے جہاں ہم کھڑے ہیں اورہم تعصب اور امتیاز کے خلاف مل کر کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے مقابلے میں افہام وتفہیم ہمدردی اور اتحاد کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے اور اس دن کو منانے کہلیے ہمیں یہ عہد کرنا چا ہئے کہ نفرتوں اور وقیانوسی تصورات کو کسی صورت میں بھی جنم نہیں لینے دیں گے۔اسلامو فوبیا سے نمٹنے اور مسلم کمیونٹیز کے تحفظ اور ان کے حقوق کو یقینی بنانے کیلئے حکومتوں اور اداروں کو بھی چا ہئے کہ وہ اس سلسلے میں قانونی طریقہ کار کے مطابق اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مانچسٹر میں آباد تمام کمیونٹیز کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ کونسل نے اس سے پہلے بھی اسلامو فوبیا اورہر قسم کے تشدد اور انتشار کی مذمت کی تھی کیونکہ ہم اپنی مسلم کمیونٹیز کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کہلیے ہر ایک نے اپنا کردار ادا کرنا ہے تاکہ مانچسٹر شہر میں کسی قسم کی نفرت اور تعصب کی فضا نہ پیدا ہو سکے اور ہر علاقے کی کمیونٹیز پر امن ماحول میں رہ کر اپنی زندگی گزار سکیں۔

یورپ سے سے مزید