• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہلو کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں‘ پی این پی یوتھ ونگ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان نظریاتی پارٹی یوتھ ونگ کے صدر و ترجمان ظفر مری نے کہا ہے کہ کوہلو کے عوام تمام سہولیات سے محروم اور علاقہ پسماندگی کی تصویر ہے ،بجلی کی لوڈشیڈنگ ، موبائل نیٹ ورک ، اتائی ڈاکٹروں کی بھرمار ، بلڈ بینک کی عدم موجودگی ، ویٹنگ روم ، سڑک ، پینے کا صاف پانی ، تعلیم ، صحت سمیت دیگر سہولیات کے فقدان کے باعث لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے ،یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر شہباز خان ، حسن خان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ جدید دور میں بھی علاقہ میں سہولیات کا فقدان ہے اور کوئی پرسان حال نہیں، کوہلو پولیس کے ملازمین کا بار بار دوسرے علاقوں میں تبادلہ کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے ، آئی جی پولیس اور دیگر حکام اس کا نوٹس لیں ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں 24 میں صرف 6 گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے ، بجلی نہ ہونے سے موبائل نیٹ ورک بھی غائب ہوجاتا ہے ،بلڈ بینک نہ ہونے سے مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی ممکن نہیں ہوتا ،اسپتالوں میں ادویات نہ ہونے اور ڈاکٹروں کی غیرحاضری کی وجہ سے لوگ عطائی ڈاکٹروں کے رحم و کرم پر ہیں۔تعلیم کا نظام بھی متاثر ہے ، اسکولز بند ہیں جس سے طلباء کا قیمتی وقت ضائع ہورہا ہے ،گرلز کالج کی منظوری کے باوجود کلاسز کا اجراء نہیں ہوسکا بچیاں میٹرک کے بعد تعلیم کو خیر آباد کہہ دیتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی حالت دگر گوں ہے خستہ حال سڑکوں پر منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے لیکن کوئی پرسان حال نہیں ،سیلاب فنڈز اور سامان متاثرین کی بجائے من پسند افراد میں تقسیم کردیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔اس موقع پر انہوں نے اپنی پارٹی کی جانب سے پی بی 8 سبی پر میر اصغر مری کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی اپنا کردار ادا کریں گے ۔
کوئٹہ سے مزید