• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمال خان شیرانی سیاسی اور علمی حوالے سے قدآور انسان تھے ،پشتونخوا لائرز فورم

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخوالائرز فورم کے ایگزیکٹوز کا اجلاس سیکرٹری اسد خان اچکزئی کی صدارت میں ہوا ۔ اجلاس میں لائرز فورم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے سمیت 2دسمبر کو برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کی آزادی کے قافے کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 51 ویں برسی کی مناسبت سے کوئٹہ میں جلسہ عام میں وکلاء کی شرکت اور تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عظیم مفکر سیاسی اُستاد مرحوم سائیں کمال خان شیرانی کی 14ویں برسی پر ان کی سیاسی، ادبی اور قومی خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ سائیں کمال خان شیرانی اس پسماندہ خطہ کے ایک ایسے درخشاں ستارہ تھے جسکی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ سائیں کمال خان شیرانی اکانومیکس میں گولڈ مڈلسٹ تھے اور سیاسی اور علمی حساب سے انتہائی قدآور انسان تھے۔ سائیں کمال خان شیرانی نے پشتون قومی سیاست کو سائنٹیفک بنانے میں صف اول کا کردار ادا کیا۔ سائیں کمال خان شیرانی خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے قریب ترین ساتھیوں میں سے تھے اور پشتون قومی سیاست کے روء رواں تھے۔ سائیں کمال خان سٹیج پر لمبی تقریروں کے شوقین نہ تھے بلکہ جوان نسل کی اصلاح اور بنیادی سیاسی اور قومی مسائل سے روشناسی سائیں کے مشن کا حصہ تھا۔ اجلاس میں سائیں کمال خان شیرانی کے ایصال ثواب کیلے دعا کی گئی اور خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شروع کردہ جدوجہد اور ان کے ساتھیوں ، پارٹی اکارین کے قومی اہداف کے مشن کو پائے تکمیل تک پہنچانے کے لیے پارٹی چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں جاری جدوجہد کو مزید تیز کرنے کا اعادہ کیا گیا ۔ اجلاس میں پشتون وطن کے امن و امان کی بدتر صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اورمطالبہ کیاگیا کہ پشتون وطن میں بد اعتمادی، بدامنی، لاقانونیت کی فضا بڑھ رہی ہے۔ پشتون وطن میں آئے روز دہشت گردی کے نام پر سیکیورٹی اداروں کے ناک کے نیچے وارداتیں ہورہی ہیں جو کہ سوالیہ نشان ہے ۔ حکومت اور قانون نافذکرنیوالے ادارے عوام کے سرومال کے تحفظ میں ناکام ہوچکے ہیں ۔اجلاس میں حالیہ 26ویں آئینی ترمیم کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ فیصلہ فارم 47 کی مسلط حکومت نے اسمبلی کی جعلی حیثیت سے کیا ہے جسے کوئی بھی ترمیم کرنے کا اختیار نہیں ہے۔
کوئٹہ سے مزید