کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)انجمن گوجران بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ گوجر پاکستان کے کونے کونے میں آباد ہیں، قوم کی آبادی کروڑوں میں ہونے کے باوجود حکمرانوں نےقوم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کبھی کوئی اقدامات نہیں اٹھائے ،گوجر قوم حقوق کے حصول کیلئے انجمن گوجران بلوچستان کے پلیٹ فارم پر متحد ہوکر جدوجہد کرے ۔ یہ بات انجمن گوجران بلوچستان کے رہنماؤں عبدالخالق گجر ، غلام سرور گجر ، شاہجہان گجر ، چوہدری فرمان گجر ، یوسف مقدم ، چوہدری نثار گجر ، الطاف حسین گجر ، یعقوب گجر ، محمد امین گجر ، غلام سعید گجر ، چیئرمین عنایت میروانی ، محمد اشرف گجر ، محمد عرفان گجر ، شیرزمان گجر ، چوہدری ریاض گجر ، امین جاگل اور دیگر نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں گوجر کنونشن سے خطاب میں کہی ۔ تقریب میں چوہدری رحمت علی گجر کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا ۔مقررین نے کہا کہ چوہدری رحمت علی گجر قوم کے ہونہار فرزند تھے جنہوں نے انگریز کی غلامی کے خلاف تحریک میں صف اول کا کردارادا کیا ان کی پاکستان کیلئے خدمات کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گجر قوم کو بلوچستان کا قدیم قبیلہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے جو کچھی ، خضدار ، آواران ، مشکے ، جاہو ، حب ، سوراب ، لسبیلہ ، لورالائی اور کوئٹہ میں صدیوں سے آباد ہے ،گوجر قوم نے ہمیشہ ملک اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے قربانیاں دیں بلوچستان کی تاریخ گجر قوم کے ذکر کے بغیر نامکمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوجر قوم اس وقت بہت سے مسائل سے دوچار ہے قوم انجمن گوجران بلوچستان کے پلیٹ فارم پر متحد ہوکر اپنے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرئے ۔ اس موقع پر یعقوب گجر نے اعلان کیا کہ بلوچستان میں قوم کا جو بچہ بھی صوبے بھر میں پہلی تین پوزیشن پر آئے گا اسے ایوارڈ کے علاوہ ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا ۔ تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات اورطلباء میں ایوارڈتقسیم کئے گئے۔