کوئٹہ ( پ ر) پشتونخوا لائرز فورم نے پی ٹی آئی جلسے کے شرکاء پر شیلنگ اور آنسو گیس پھینکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان اقدامات کو ناقابل قبول اور غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔ فورم نے ایڈووکیٹ سلام آغا، داؤد شاہ کاکڑ اور پارٹی کے دیگر کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کو غیر قانونی اور غیر جمہوری قرار دیا ۔ بیان میں کہا گیا کہ پشتونخوا لائرز فورم متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے اور ایسے ظالمانہ اقدامات کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ پشتونخوا لائرز فورم واقعات کی آزادانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کرتی ہے۔ حکومت پرامن احتجاج کے حق سمیت بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔بیان میں کہا گیا کہ اس قسم کے اقدامات سیاسی مخالفین کے خلاف تشدد ، دھمکیاں، خوف وہراس کے ایک بڑے نمونے کا حصہ ہیں، جس سے انسانی حقوق کے گروپوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں میں بڑے پیمانے پر تشویش پائی جاتی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوا لائرز فورم نے آئین کی بالادستی ، قانون کی حکمرانی، جمہوریت اور انسانی حقوق کی مسلسل وکالت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہےگی۔