وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن سے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے ملاقات کی ہے۔
اس ملاقات کے دوران متعدد شعبوں میں تعاون کے مواقع بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
بخیت عتیق الرومیتی نے شرجیل میمن کو متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت کرنے کی دعوت دی۔
اُنہوں نے انسدادِ منشیات پر حکومت سندھ کے اقدامات کی تعریف بھی کی۔
متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نے کہا کہ سندھ کے مختلف شہروں میں اماراتی حکومت مفت طبی کیمپس لگا رہی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سندھ کے باہمی برادرانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، اماراتی حکومت کی سندھ کے عوام کے لیے کاوشیں ناقابلِ فراموش ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ متحدہ عرب امارات ہمارا دیرنیہ برادر ملک ہے وہاں کے عوام ہر مشکل وقت میں سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔