• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقلیتی نشستوں میں اضافے کی مخالفت کس نے کی؟ اعظم نذیر تارڑ کا بڑا انکشاف

وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ اقلیتوں کی نشستوں میں اضافے کی خیبر پختونخوا نے مخالفت کی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون اور انصاف کا اجلاس حمود بشیر ورک کی زیر صدارت ہوا۔

اس دوران نوید عامر جیوا کا پیش کردہ آئینی ترمیمی بل 2024ء زیر غور آیا، اجلاس میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، نوید قمر، عالیہ کامران و دیگر شریک تھے۔

نوید عامر جیوا نے کہا کہ اقلیتوں کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ پارلیمان میں اقلیتوں کی نشستوں کو ڈبل کیا جائے، ہماری آبادی بڑھ گئی ہے، لیکن نمائندگی اتنی کی اتنی ہی ہے۔

اس پر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اس معاملے پر صوبوں سے بھی رائے لی جائے، خیبر پختونخوا نے اضافے کی مخالفت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کی نشستیں بھی بڑھنی ہیں، ان کے کمنٹس آجائیں تو اس بل کو لگایا جائے، کتنا اضافہ ہونا ہے، اس کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔

نوید قمر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھ کر اس پر کوئی اتفاق رائے بنانے کی کوشش کریں۔

عالیہ کامران نے کہا کہ اس معاملے کو تمام سیاسی جماعتوں کے سامنے لے کے جائیں۔

اس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ہم صوبوں کی رائے کا انتظار کرتے ہیں، جس کے بعد کمیٹی نے بل آئندہ اجلاس تک موخر کردیا۔

قومی خبریں سے مزید