کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر و وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جدید ترین ڈیزائن پر مشتمل ’’ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹیز‘‘ کے ذریعےشہریوں کو ناقابل یقین ریلیف فراہم کریں گے، کام کے معیار پر کسی قسم کے سمجھوتے کے متحمل نہیں ہو سکتے! عوام کو سستی، آسان اور جدید سفری سہولتوں کی جلد از جلد فراہمی حکومت سندھ کا عزم ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی منصوبوں پر تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ وہ بدھ کو یہاں اپنے دفتر میں محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کمال دایو، کنسلٹنٹس، کنٹریکٹرز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔