کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے رکن کور کمیٹی تحریک انصاف ، شعیب شاہین نے کہا کہ اس بار احتجاج کے لئے ساری پی ٹی آئی قیادت باہر نکلے گی۔کٹھ پتلی حکومت نے احتجاج کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں چھوڑا،سینئر رہنما مسلم لیگ ن، سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ پچھلے ڈیڑھ دو سال میں پی ٹی آئی ہر احتجاج میں ناکام ہوئی ہے۔ ہر احتجاج میں پی ٹی آئی وہ کام کرکے گئی جو ان کے خلاف چارج شیٹ بن گیا،بانی پی ٹی آئی ہر دفعہ کہتے ہیں یہ آخری کال ہے ، یہ وہ والی اسٹیبلشمنٹ نہیں ہے جو ڈبل گیم کرتی تھی۔حکومت اور ادارے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔اگر کوئی سمجھتا ہے کہ مذاکرات این آر او دینے کے لئے ہوں گے تو غلط ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کئی دنوں سے جاری پی ٹی آئی قیادت کے دعوؤں ، جوشیلے بیانات اورپیغامات کے بعدعمران خان نے آج اڈیالہ جیل سے پی ٹی آئی کے حتمی احتجاج کی کال دے دی ہے۔ رکن کور کمیٹی تحریک انصاف ،شعیب شاہین نے کہا کہ اس بار احتجاج کے لئے ساری پی ٹی آئی قیادت باہر نکلے گی۔کٹھ پتلی حکومت نے احتجاج کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں چھوڑا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم عمران خان کے فالورز ہیں ایک اصولی اسٹینڈ لیتے ہیں۔ہم مقصد کے پیچھے چلتے ہیں، نفع اور نقصان کا نہیں سوچتے۔ہم اس ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی چاہتے ہیں ۔ ہم آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں،آزاد عدلیہ چاہتے ہیں۔ اشرافیہ کے مسلط ہونے سے لوگوں کے حقوق بند کردیئے گئے ہیں۔