• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ نے کابینہ تشکیل میں صلاحیت کی بجائے ’وفاداری‘ کو فوقیت دی

نیویارک (تجزیہ /عظیم ایم میاں) ٹرمپ نے کابینہ تشکیل میں صلاحیت کی بجائے ’وفاداری‘ کو فوقیت دی، انتظامیہ اور قانون سازی کے محاذ پر ٹرمپ کو مکمل برتری حاصل ہوگی، ایگزیکٹو آرڈرز کے مسودے تیار ۔ منتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کواپنے عہدے کا حلف اٹھانے میں ابھی دو ماہ کا عرصہ باقی ہے لیکن امریکی نظام اور امریکی عوام دونوں ہی ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کی ری پبلکن پارٹی کی انتخابی کامیابی کے اثرات ابھی سے محسوس کرنے لگے ہیں۔ منتخب صدرٹرمپ نے گزشتہ چندروز میں اپنی کابینہ میں شامل کرنے کےبارے میںجن افراد کے ناموں کااعلان کیاہے انہیں نظریاتی طور’’نیوکان‘‘ اور چین مخالف ہونے کے ساتھ ساتھ امیگریشن، ماحولیات، اسقاط حمل کے مخالف اور امریکا کی عالمی برتری کےحصول کیلئے ہر طرح کے اقدامات کے حامی بتایا جاتا ہے۔ ٹرمپ کے اعلان کردہ اراکین کابینہ کے ناموںسے یہ بھی تاثر ملتاہےکہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی کابینہ تشکیل کرتےوقت تجربہ یا صلاحیت کی بجائے ’’ٹرمپ سے وفاداری‘‘ کوفوقیت دی ہے۔ چونکہ ری پبلکن پارٹی کو امریکی سینیٹ میںواضح اکثریت اور امریکی ایوان نمائدگان میں بھی اکثریت حاصل ہوگئی ہے اور امریکی سپریم کورٹ کےججوںمیں کنزرویٹو ججوں کے حق میں توازن پایا جاتا ہےجن میں صدر ٹرمپ کےگزشتہ دور میں صدر کے نامزدکردہ جج بھی شامل ہیں لہٰذا 20؍جنوری 2025ء کو جب ڈونالڈ ٹرمپ اگلے چار سال کیلئے صدارت کا حلف اٹھا کر آغاز صدارت کریں گے تو انہیں (TRIFECTA) یعنی انتظامیہ اور قانون سازی کےمحاذ پر مکمل برتری حاصل ہوگی بلکہ امریکی سپریم کورٹ میں کنزرویٹو ججوں کی اکثریت کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔
اہم خبریں سے مزید