لیڈز/مانچسٹر (زاہد انورمرزا/ ہارون مرزا) برطانیہ کے کئی علاقے گزشتہ چند روز سے شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے برطانیہ کے کچھ حصوں میں برفباری کے لیے زرد موسم کی وارننگ جاری کی ہے وارننگ پیر کو صبح 10بجے سے لے کر منگل کو صبح 10 بجے تک برقرار رہے گی اس میں جنوبی اسکاٹ لینڈ، شمال مشرقی انگلینڈ، یارکشائر کے کچھ حصے اور شمال مغربی انگلینڈ کے علاقے شامل ہیں، موسم کی وارننگ میں لنکاشائر اور کمبریا بھی شامل ہیں۔اتوار کی شام 4بجے سے پیر کی صبح 11بجے تک شمالی اسکاٹ لینڈ میں برفباری کی ایک علیحدہ وارننگ بھی جاری کی گئی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے اختتام پر برطانیہ کے موسم میں نمایاں تبدیلیاں آنے والی ہیں۔ مقامی کونسل کے پریس آفس کی جانب سے’’جنگ و جیو نیوز ‘‘کو جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ موسم کے پیش نظر کونسل کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور سلسلے میں کونسل کا عملہ 24گھنٹے کام کرے گا۔مانچسٹر سے نمائندہ جنگ کے مطابق برطانوی محکمہ موسمیات کی طرف سے ملک کے مختلف مقامات پر شدید برفباری اور درجہ حرارت میںکمی کی کرتے ہوئے برفباری کے دوران ڈرائیونگ کرنیوالے افراد کو محتاط رہنے کی تنبیہ کی ہے۔ میٹ آفس کی طرف سے ٹھنڈی ہواؤں، برفباری اور بارشوں کی پیشگوئی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بارش، ژالہ باری اور برفباری کا مرکب تیز ہواؤں کے ساتھ درجہ حرارت میں مزید کمی لا ئے گا، اگلے ہفتے کے دوران سیرو سیاحت کیلئے نکلنے والے افراد کو موسمی پیشگوئی کے مطابق احتیاطی تدابیر اور تیاریاں کرنے کی ضرورت ہے۔ ماہر موسمیات مسٹر مورگن کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے ہونے والی بڑی تبدیلی کی بنیادی وجہ جیٹ سٹریم کی سمت میں اچانک تبدیلی ہے ہفتے کے وسط میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافے کی توقع ہے۔ نومبر میں اب تک درجہ حرارت عام طور پر اوسط سطح سے اوپر رہا ہے۔ شمال مغرب کے بعض حصے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، عمومی طور پر سال کے اس حصے میں دھند چھٹنے کی رفتار سست ہوتی ہے سورج نایاب رہتا ہے اور زمین کی حرارت نہ ہو نے کی وجہ سے دھند جلدی ختم نہیں ہوتی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ موسم کا لطف اٹھانے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری میں نکلتی ہے تاہم موسمی خرابی کے باعث انہیں عارضی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جن سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانا ناگزیر ہوتا ہے۔