لندن( جنگ نیوز)پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف سینئر اداکار عدنان صدیقی کو برطانوی شاہ چارلس سوم سے ملاقات کا موقع مل گیا۔انہوں نے بکنگھم پیلس میں ہونے والی اس مختصر مگر ناقابلِ فراموش ملاقات کا احوال بذریعہ سوشل میڈیا اپنے مداحوں کےساتھ شیئر کر دیافوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ورسٹائل اداکار نے چند مختلف تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں انہیں اور شاہ چارلس سوم کو خوش گوار انداز میں ایک دوسرے سے گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔عدنان صدیقی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ ہماری گفتگو مختصر لیکن متحرک تھی، پلک جھپکتے ہی مختلف دنیاؤں کی ملاقات کی طرح۔ انہوں نے لکھا کہ شاہ چارلس سوم میں لوگوں کو پُرسکون رکھنے کی ایک منفرد صلاحیت تھی، جس نے ایک دیرپا تڑپ چھوڑ دی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ایسا ہر روز نہیں ہوتا ہے کہ آپ کسی ایسے شخص سے ملاقات کریں اور اس مختصر ملاقات کے بعد بھی اس کا خیال آپ کے ذہین میں ایسے ہی تازہ رہے جیسے وہ ابھی کی بات ہو۔عدنان صدیقی نے انسٹا اسٹوری میں کنگ چارلس کی جانب سے موصول ہونے والے دعوت نامے کی تصویر بھی پوسٹ کی ہے۔ مذکورہ دعوت نامے کے مطابق 13نومبر 2024کو بکنگھم پیلس میں منعقدہ تقریب میں برطانوی شاہ اور ملکہ کی جانب سے فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں استقبالیے کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں پاکستان سے عدنان صدیقی بھی مدعو تھے۔خیال رہے کہ 55سالہ اداکار عدنان صدیقی کا شمار پاکستان کے چند مایہ ناز فنکاروں میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنے ہر کردار کو اس قدر باخوبی نبھایا ہے کہ اسے زندگی بخش دی۔عدنان صدیقی نے اپنی اداکاری کا آغاز 1994میں پی ٹی وی کے ڈرامے عروسہ سے کیا تھا اور اس کے بعد سے انہوں نے ناصرف لالی ووڈ اور بالی ووڈ بلکہ ہالی ووڈ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔