کیف (نیوز ڈیسک) یوکرین میں فوج میں جبری بھرتیوں کے دوران فرار ہونے والے کو گولی ماردی گئی ۔ خبررساں اداروں کے مطابق غیر قانونی طور پر ملک سے فرار ہونے کی مبینہ کوشش کرنے والے ایک شہری کو سرحدی محافظ نے پکڑ کر حراست میں لے لیا اور اس کے بعد گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ کیف حکومت نے فوج میں بھرتی کی ایک جارحانہ مہم شروع کررہی ہے جس کے بعد سے یوکرین کے مرد فوجی خدمات سے بچنے کے لیے سرحد پار ہمسایہ ممالک میں داخل ہو رہے ہیں۔ اسٹیٹ بیورو آف انویسٹی گیشن (ایس بی آئی) نے کہا کہ بحیرئہ اسود کے ساحل پر جنوبی یوکرین کے علاقے اوڈیسا میں 4افراد کو مالڈووان کی سرحد کی طرف پیدل جاتے ہوئے پکڑا گیا۔ ایس بی آئی نے کہاکہ سرحدی محافظوں نے انہیں سرحد پار کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا اور حراست میں لے لیا۔ ایس بی آئی نے مزید کہا کہ زیر حراست افراد میں سے ایک نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے سرحدی محافظ پر حملہ کر دیا۔ اس کے جواب میں محافظ نے اپنا سروس ہتھیار استعمال کیا اور حملہ آور کو گولی مار دی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہے۔سرحدی محافظوں کے ترجمان آندری ڈیم چینکو نے بتایا کہ سرحدی گارڈ نے اپنے دفاع میں اسلحہ استعمال کیا۔ ملک کی مغربی سرحد سے گزرنے والے دریائے تیسا کو عبور کرنے کی کوشش کے دوران رواں برس ایک درجن سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حالیہ عرصے میں غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے والے درجنوں افراد کو حراست میں لیاگیا۔