لندن (پی اے) ایک تجزیئے کے مطابق مکان خریدنے والے "fixer-upper" پراپرٹی خریدکر 40,000پونڈ سے زیادہ کی بچت کرسکتے ہیں۔ رائٹ موو کا کہنا ہے کہ فکسر اپر گھر کی اوسط قیمت 3لاکھ 27 ہزار 224پونڈ ہے جو برطانیہ میں گھر کی 3لاکھ 71 ہزار 858پاؤنڈ کی عام قیمت سے 44ہزار 634 پاؤنڈ کم ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران کرایے کی قیمتوں میں 61فیصد اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے کرایہ داروں کو ایسی زیادہ سستی جائیدادوں پر غور کرنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے جن کو مرمت اورتزئین و آرائش کی ضرورت ہو۔ رائٹ موو کی جانب سے اکتوبر میں 34,000سے زائد ممکنہ گھر منتقل کرنے والوں پر کی جانے والی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ دو تہائی سے زیادہ یعنی68فیصدکرایہ دار گھر خریدنے کے لیے فکسر اپر کو ترجیح دینے پر تیار ہیں جبکہ موجودہ گھروں کے مالکان میں سے صرف 54فیصد ایسا کرسکتے ہیں۔ تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ ویلز ایک فکسر- اپر ہاٹ اسپاٹ ہے، جہاں سیریڈیجن کے علاقے میں 4.2 فیصد گھروں کو فروخت کے لئے درج کرایا گیا ہے، کارمارتھینشائر اور ڈینبگھشائر میں 3.0فیصد، برجنڈ میں 2.6فیصد اور مرتھیر ٹائڈفل میں 2.5فیصد گھروں کی تزئین و آرائش کی ضرورت ہے۔ ایسٹ مڈلینڈز میں لنکن ایک اور ہاٹ اسپاٹ ہے، جہاں فروخت ہونے والی 3.7فیصد جائیدادیں تزئین و آرائش کی متقاضی ہیں۔ گلوسٹر، ہیسٹنگز، سلاؤ اور لوٹن کو بھی میک اوور کی ضرورت والے گھروں کو تلاش کرنے کے لئے سرفہرست مقامات کے طور پر درج کرایا گیا تھا۔ رائٹ موو نے فکسر-اپر پراپرٹیز کی وضاحت کرنے کے لئے پراپرٹی لسٹنگ میں متعدد اصطلاحات کو دیکھا، جیسے تزئین و آرائش کی ضرورت یا اپ گریڈ کی ضرورت، یا خستہ حال۔ رائٹ موو کے پراپرٹی ایکسپرٹ کا کہنا ہے کہ تزئین و آرائش کی ضرورت والے گھروں کو ترجیح دینا پہلی مرتبہ مکان خریدنے یعنی سر چھپانے کی جگہ کو اپنا بنانے کا زیادہ سستا طریقہ ہوسکتا ہے۔ اگرچہ اس کیلئے وقت اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن بہت سے لوگ اس عمل کو مفید سمجھتے ہیں۔