کوئٹہ (پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما صوبائی مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے اپنے مذمتی بیان میں قلات کی شاہ مردان چیک پوسٹ پر دہشتگردوںکے بزدلانہ حملےکی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کے عوام اور یہاں ترقی کے دشمن ہیں۔ ایسے مذموم ہتھکنڈے حکومت کے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے اور نہ ہی دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قو م کے حوصلے پست کر سکتے ہیں ۔قوم سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہے گی اور دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔انہوں نے حملے میں وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے بہادر اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارض وطن کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے جوان قوم کے دلو ں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ دشمن اور مفاد پرست عناصر پاکستان کی تعمیر و ترقی ،خوشحالی اور امن و امان کی صورتحال سے خوش نہیں اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے گھناؤنی کارروائیاں کرتے ہیں لیکن پوری قوم، پاک افواج اور دیگر سیکورٹی اداروں نے ہمیشہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر ان کی بیخ کنی کی ،پاک افواج اور دیگر سیکورٹی فورسزنے بڑی قربانیوں کے بعد ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن وامان کے قیام اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ممکن بنانے کے لئے ہمہ وقت اپنا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر چلنے والے خود ساختہ رہنماؤں کے منفی پروپیگنڈے میں نہ آئیں اور ایسے عناصر کی بیخ کنی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا نوجوان باصلاحیت ہے اور انہیں روزگار کے مواقع دینا ہماری ذمہ داری ہے ۔علی حسن زہری نے حملے میں شہید اہلکاروں اور زخمیوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔