پشاور(جنگ نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف ملک نیک محمد خان داوڑ نے کہا ہے کہ ریسکیو1122 کی خدمات کو ہر علاقے میں پہنچانے کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ، عوام کو ریلیف فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔یہ بات انہوں نے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں ریسکیو ایمرجنسی سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ملک نیک محمد خان داوڑ نے بمقام دتہ خیل شمالی وزیرستان ریسکیو سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیاجہاں حادثات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے ایمبولینسز اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی اس کے علاوہ سنگین حالت کے مریضوں کو بڑے ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے مفت ایمبولینس سروس بھی دستیاب ہوگی اس کے علاوہ صوبائی وزیر نے دتہ خیل ہسپتال کو ضروری سامان فراہم کیا تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر ہوں۔