• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو انٹرنیٹ پر پابندی معاشی طور پر مہنگی پڑسکتی ہے، امریکی تھنک ٹینک

نیویارک (نیوز ڈیسک) امریکا کے معروف ٹیکنالوجی تھنک ٹینک کے نائب صدر ڈینیئل کاسترو کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر پابندی پاکستان کو معاشی طور پر مہنگی پڑ سکتی ہے۔ پاکستان میں امریکی سفارت خانے میں گزشتہ روز ہونے والی صحافیو ں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یہ پابندیاں مختصر مدت کے لیے سیاسی طاقت فراہم کر سکتی ہیں لیکن طویل مدتی معاشی عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہیں۔ انہوں نے ملک کی خود مختاری کو تسلیم کرتے ہوئے یہ سوال اٹھایا کہ جو ممالک یہ فیصلہ کر رہے ہیں ان کا مقصد کیا ہے اور کیا وہ طویل المدتی مفادات پر قلیل مدتی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں؟ ۔ڈینیئل کاسترو کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن کےحق میں زیادہ تر دلائل یہ ہیں کہ یہ مختصر مدت کے سیاسی استحکام کے لیے اچھا ہے، لیکن میرا ماننا ہے کہ جو معاشی استحکام انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن نہ ہونے سے حاصل ہو گا وہ کسی بھی مختصر مدت کے فوائد سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ حدود ہونی چاہئیں، بالکل اسی طرح جیسے آپ وہ تمام راستے بند نہیں کر سکتے جن سے کسی قسم کا نقصاندہ مواد آرہا ہو۔ خیال رہے کہ ڈینیل کاسترو کے یہ ریمارکس پاکستان میں انٹرنیٹ سنسر شپ کے پسِ منظر کے خلاف سامنے آئے ہیں۔ ان کے مطابق تجارت اور ڈیجیٹل خدمات واضح طور پر پاکستان کے اہم شعبوں میں سے ایک ہیں لیکن انٹرنیٹ کی بندش چاہے وہ منٹ، گھنٹے یا دن کے لیے ہی کیوں نہ ہو مخصوص خدمات کو متاثر کر رہی ہے۔ انٹرنیٹ سینسر شپ سے پاکستان میں فری لانسرز اور آن لائن ورکرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہےجبکہ انٹرنیٹ فائروال کے نفاذ سے پاکستانی معیشت کو 30 کروڑ ڈالر نقصان کا خدشہ ظاہرکیاگیا ہے۔

یورپ سے سے مزید