مانچسٹر (نمائندہ جنگ) وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک سے صدر پاکستان مسلم لیگ ن فرانس میاں حنیف، سرپرست اعلیٰ پاکستان مسلم لیگ ن فرانس طلعت چوہان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل راجہ محمد علی، صدر یوتھ لیگ پاکستان مسلم لیگ ن فرانس خان اصغر، جنرل سیکرٹری رانا محمود خان نے ملاقات کی۔ فرانس کی ٹیم نے وائس چیئر پرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بیرسٹر امجد ملک کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا، جس میں دنیا بھر سے اوورسیز پاکستانیوں نے بھرپور شرکت کی اور بیرسٹر امجد ملک کو مبارکباد دی، صدر مسلم لیگ ن میاں محمد حنیف نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے مسلم لیگ ن فرانس کی طرف سے بیرسٹر امجد ملک کی تعیناتی کا خیرمقدم کیا اور اسے انتہائی خوش آئند فیصلہ قرار دیا۔ مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم مریم نواز شریف، اسحٰق ڈار، میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے اوورسیز کمیشن کا سربراہ ان میں سے چنا ہے۔ بیرسٹر امجد ملک ہمارا ٓ بھائی ہے۔ مسلم لیگ ن ترکیہ کے صدر نے کہا کہ وہ بیماری کے باوجود بیرسٹر امجد ملک کو خوش آمدید کہنے آئے ہیں۔ صدر یوتھ ونگ فرانس خان اصغر خان اور سیکرٹری جنرل رانا محمود خان نے بیرسٹر امجد ملک کی تعیناتی کو اپنی اور ان کے دفتر کو اپنا دفتر قرار دیا۔ رانا لیاقت علی صدر مسلم لیگ جرمنی نے قائد مسلم لیگ ن کے اس فیصلے کو دور اندیشی پر مبنی قرار دیا اور کہا کہ اس کے دوررس نتائج مرتب ہوں گے۔ ہورائزن ٹیم کے رانا خالد نے کہا کہ بیرسٹر امجد ملک نے سب لیگیوں سے تعلقات اس طرح استوار کئے ہیں کہ ہر شخص یہ سمجھتا ہے کہ بیرسٹر امجد ملک ان کے ساتھ زیادہ قریب ہیں۔ شمائلہ رانا ایم این اے نے بیرسٹر امجد ملک کی تعیناتی کو اوورسیز کیلئے مثبت قرار دیا اور کہا کہ جس طرح ان کے لئے اوورسیز میں آواز اٹھی وہ ایک سگنل تھا کہ اوورسیز کو ان کا حق ملنا چاہئے۔ بیرسٹر امجد ملک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ہمارے سفیر ہیں، تارکین وطن کی اہمیت اور مشاورتی عمل میں ڈسٹرکٹ، ایڈوائزری کونسل کے ذریعے شمولیت یقینی بنائی جائے گی۔ اوورسیز پاکستانیز ہمارا سرمایہ ہیں تارکین وطن25 بلین ڈالرسے زائد کی ترسیل کے ذریعے ملک کی خدمت کرتے ہیں، انہیں ضلعی کمیٹیوں اور ایڈوائزریز کے ذریعے نہ صرف مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے گا بلکہ پورا عزت و احترام دیا جائے گا جس کے وہ حقدار ہیں ان کی شکایات کے ازالے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں گی۔ سرپرست اعلیٰ طلعت چوہان نے تقریب میں آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ مزار داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے امام علامہ رمضان سیالوی نے دعائے خیر کرائی۔ بیرسٹر امجد ملک نے تمام میزبان ٹیم کو اعزازی شیلڈ دیں اور گزشتہ ادوار میں آواز حق بلند کرنے پر10 رول ماڈل شخصیات میں فرانس کا نشان تقسیم کیا۔