کراچی(رفیق مانگٹ)باکسنگ کی دنیا کے’آئرن مائیک‘ اور’دی لیجنڈ‘58 سالہ مائیک ٹائسن27سالہ یوٹیوبر سے ہار گئے.
19سال بعد رنگ میں اترنے والے لیجنڈ کاپورا کیرئیر اس شکست کے بعد ہل گیا، جیک پال کواس فائٹ سے 11ارب11کروڑ جب کہ مائیک ٹائسن کو 5 ارب 55کروڑ روپےملے،نیویارک ٹائمز کے مطابق،اس متنازع مقابلے کو باکسنگ کمیونٹی نے مسترد کر دیا،دنیا کے عظیم باکسر محمد علی کے پوتے نے جیک کی جیت کو شرمناک قرار دیا.
انہوں نے کہا کہ جیک پال کھیل کے لیے شرمندگی کا باعث ہے، میرے دادا آج زندہ ہوتے تو اس کی خبر لیتے ، لو یو مائیک‘‘،اپنے آئیڈیل کی شکست کابدلہ لینے کے لئے نکو علی نے جیک پال کا چیلنج قبول کرلیا، ٹائسن نے 97میں سے صرف 18 مکےجبکہ پال نے 278میں سے 78مکےٹھیک نشانے پر لگائے.
اسٹریمنگ پلیٹ فارم اس مقابلے کو 28 کروڑ سبسکرائبرز نےبراہ راست دیکھا،ٹائسن نے59 مقابلوں میں حصہ لیا،جن میں سے 50 میں فاتح ، 7 میں شکست ، 2 کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔مائیک ٹائسن کا کیریئر ہمیشہ تنازعات کا شکار رہا،لڑکی سے زیادتی کے جرم میں 6 سال قید کی سزا ملی،دنیا کے عظیم باکسر محمد علی کلے اور ٹائسن کبھی مدمقابل نہیں آئے۔
تفصیلات کے مطابق،دنیا کے عظیم ترین باکسروں میں سے ایک اور باکسنگ کی دنیا کے’آئرن مائیک‘ اور’دی لیجنڈ‘ 58 سالہ مائیک ٹائسن جب 19 سال بعد رنگ میں اترے تو کسی کے وہم وگمان میں بھی نہیں تھا کہ دو بار کے ہیوی ویٹ چیمپئن کا پورا کیرئیر یوٹیوبرسے باکسر بننےوالے27سالہ جیک پال سے شکست کے بعد ہل جائے گا۔
آٹھ راؤنڈز کے دوران ٹائسن نے 97 میں سے صرف 18 مکےجبکہ پال نے 278 میں سے 78مکےٹھیک نشانے پر لگائے۔ مقابلے کے تمام راؤنڈز میں ججوں نے جیک پال کو فاتح قرار دیا۔ آسانی سے اپنے سے 31 سال بڑے لیجنڈ کو ہرا نے والےپال نے ٹائسن کو مقابلے کے بعد کہا کہ وہ ایک لیجنڈ ہیں۔
انھیں ٹائسن سے لڑنے کا اعزاز حاصل ہوا ، یہ مقابلہ ان کے لیے خاصا مشکل تھا۔جیک پال نے 11-1 کے ساتھ اپنا پروفیشنل باکسنگ ریکارڈ بہتر کیا، جبکہ ٹائسن کو 19 سال بعد پہلی پرو فائٹ کا حصہ بننے پر اپنے کیریئر کی ساتویں شکست ہوئی ۔
2005 میں ٹائسن کیون مکبرائڈ سے ہارے تھے اس کے بعدوہ تقریباً 19برس سے پروفیشنل باکسنگ سے دوررہے۔
انہوں نے 2020 میں ایک نمائشی میچ میں روئے جونز جونیئر کا مقابلہ کیا تھا۔پال سےمقابلہ اسی سال جون میں ہونے والا تھا، اس وقت ٹائسن کو پیٹ میں السر کی بیماری کا سامنا تھا اس وجہ سے فائٹ کو نومبر تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ،جیک پال کواس میگا فائٹ سے 11ارب11کروڑ70لاکھ روپے( 40 ملین ڈالر) جب کہ مائیک ٹائسن کو5ارب55کروڑ85لاکھ روپے( 20 ملین ڈالر) ملے۔دنیا کے عظیم باکسر محمد علی کے پوتے نکو علی والش نے مائیک ٹائسن کے خلاف جیت کو جیک کےلئے شرمناک قرار دیا۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ جیک پال اس کھیل کے لیے شرمندگی کا باعث ہیں۔ اگر میرے دادا آج زندہ ہوتے تو اس کی خبر لیتے ، لو یو مائیک۔جیک پال نے پہلے علی والش کو کئی بار چیلنج کیا ،انہوں ہمیشہ ان چیلنجوں کو مسترد کیا ،تاہم مائیک ٹائسن کے ہارنے سے صورتحال بدل گئی ،اب وہ پال کے چیلنج کو قبول کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ وہ اپنے آئیڈیل کی شکست کا بدلہ لے سکے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق اس متنازع مقابلے کو باکسنگ کمیونٹی کے اراکین نے مسترد کر دیا ہے، برطانوی پروموٹر ایڈی ہرن نے اسے بے عزتی کے طور پر بیان کیا ہے۔