کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شاہراہ فیصل، ایکسپو سینٹر، ایئرپورٹ اور سوک سینٹر کے اطراف سخت نگرانی کا آغاز کردیا گیا ہے‘سیف سٹی پروجیکٹ کے پہلے مرحلے پر کام تیز کردیا گیا ہے۔ عوام کی حفاظت اور سکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔یہ باتیں ڈائریکٹر سندھ سیف سٹیز اتھارٹیز آصف اعجازشیخ نے منگل کو وزیر اعلیٰ سندھ کوایک بریفنگ میں بتائیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ پروجیکٹ پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔ کئی سنگ میل حاصل کیے جا چکے ہیں۔ مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ 300 پول سائٹس میں سے 157 کامیابی سے نصب کردیے گئے ہیں اور 20 پولز نے کام شروع کردیا ہے۔ مزید برآں 100 کیمرے بھی سی پی او کنٹرول روم اور سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز سے مانیٹر کیے جا رہے ہیں۔