• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسموگ کم، لاہور اور ملتان میں بھی تعلیمی ادارے آج سے کھولنے کا فیصلہ

لاہور(نمائندہ جنگ) اسموگ کی شدت میں کمی کے باعث پنجاب بھر کی طرح لاہور اور ملتان میں بھی تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔محکمہ ماحولیات نے تعلیمی ادارے کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، تمام تعلیمی ادارے 20نومبر 2024 سے کھلیں گے، فزیکل کلاسز کے ساتھ تدریسی عمل بحال ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسکول کھلنے کا وقت صبح 8:45 بجے سے پہلے نہیں ہوگا، طلبہ اور اساتذہ کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔محکمہ ماحولیات کے نوٹیفکیشن کے مطابق سکولوں میں بیرونی کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں ٹریفک کے دباؤ سے بچنے کے لیے کلاس وائز سکول کی چھٹی کا وقت متعین کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سموگ میں کمی کے باعث پنجاب حکومت نے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں نرمی کردی۔محکمہ ماحولیات کے نئے نوٹیفکیشن کے مطابق سموگ میں کمی کے باعث تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو 8 بجے کی بجائے رات 10بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں ڈائن اِن، پارکنگ میں کھانے اور ٹیک اوے کی سہولت بھی رات 10 بجے تک دستیاب ہوگی، ہوم ڈلیوری پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔یاد رہے کہ اس سے قبل سموگ کی شدت کے باعث ریسٹورنٹس میں ڈائن ان کی اجازت شام 4بجے تک اور ٹیک اوے کی اجازت رات 8 بجے تک تھی۔
اہم خبریں سے مزید