• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی کے 29 سال بعد والدین کی طلاق پر اے آر رحمٰن کے بچوں نے کیا کہا؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اسکر ایوارڈ یافتہ معروف بھارتی موسیقار و گلوکار اے آر رحمٰن اور اہلیہ سائرہ بانو کے درمیان شادی کے 29 سال بعد طلاق ہونے پر ان کے بچوں کا ردِعمل بھی سامنے آ گیا۔

اے آر رحمٰن اور سائرہ بانو کے 3 بچے ہیں اور تینوں نے ہی والدین کی طلاق کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں سے اپنی فیملی کی پرائیوسی کا خیال رکھنے کی اپیل کی ہے۔

بھارتی گلوکار کے بیٹے اے آر امین نے اپنی انسٹا اسٹوری پر لکھا ہے کہ ہم سب سے گزارش کرتے ہیں کہ اس وقت ہماری پرائیویسی کا احترام کریں۔

اُنہوں نے مزید لکھا ہے کہ ہماری صورتِ حال کو سمجھنے کے لیے سب کا شکریہ۔

فوٹو—اسکرین شاٹ
فوٹو—اسکرین شاٹ

اے آر رحمٰن کی بیٹی، گلوکارہ خدیجہ رحمٰن نے اپنی انسٹا اسٹوری پر لکھا ہے کہ اگر اس معاملے کو نجی معاملہ سمجھیں اور احترام کریں تو یہ میرے لیے قابلِ تعریف ہو گا۔

بھارتی گلوکار کی دوسری بیٹی رحیمہ رحمٰن نے اپنے بھائی کی انسٹا اسٹوری کو ری شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

واضح رہے کہ اے آر رحمٰن اور سائرہ بانو کی شادی 1995ء میں ہوئی تھی اور گزشتہ روز اس جوڑی نے شادی کے 29 سال بعد ایک دوسرے سے اپنی راہیں جدا کر لی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ نے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ کئی سال کی شادی کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمٰن سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں جذباتی دباؤ کے باعث لیا گیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید