• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمٰن نے طلاق پر خاموشی توڑ دی

اے آر رحمٰن کی اہلیہ سائرہ بانو — فائل فوٹو
اے آر رحمٰن کی اہلیہ سائرہ بانو — فائل فوٹو

اسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی معروف موسیقار و گلوکار اے آر رحمٰن کی اہلیہ سائرہ بانو کی جانب سے علیحدگی کے اعلان کے بعد اے آر رحمٰن کا ردِعمل بھی سامنے آ گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر گلوکار نے دل برداشتہ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہمیں امید تھی کہ ہم 30 برس ساتھ مکمل کریں گے۔

انہوں نے علیحدگی کی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے لکھا ہے کہ امید تھی کی شادی کے 30 برس ساتھ مکمل کریں گے، لیکن ایسا نہ ہوسکا، اس کے برعکس اس رشتے کا ان دیکھا انجام ہوا۔

انہوں نے لکھا کہ ٹوٹے ہوئے دلوں کے بوجھ سے خدا کا تخت بھی کانپ سکتا ہے، لیکن پھر بھی اس میں ہم کوئی نہ کوئی بہتری، اس کا مقصد تلاش کر سکتے ہیں، ممکن ہے کہ یہ دل پھر پہلے کی طرح جُڑ نہ سکے۔

اے آر رحمٰن نے اپنےدوست، احباب اور پُرستاروں کا راز داری کا خیال رکھنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہماری زندگی کے اس نازک دور میں ہماری راز داری کا احترام کرنے اور ہم پر مہربانی کرنے کے لیے آپ کا بہت بہت شکریہ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شادی کے 29 سال بعد اے آر رحمٰن کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ نے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ ’کئی سال کی شادی کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمٰن سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں جذباتی دباؤ کے باعث لیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایک دوسرے سے گہری محبت کے باوجود اس رشتے میں پیدا ہونے والے تناؤ اور مشکلات نے ایک ناقابلِ عبور خلیج پیدا کر دی ہے، جسے اس وقت دونوں فریقین ختم کرنے سے قاصر ہیں۔

سائرہ بانو نے اپنے جذباتی حالات کا ذکر کرتے ہوئے عوام سے رازداری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ تکلیف اور اذیت کے عالم میں لیا گیا ہے، میں عوام سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ میرے اس مشکل دور میں سمجھداری کا مظاہرہ کریں اور ہمیں سکون سے رہنے دیں۔

واضح رہے کہ اے آر رحمٰن اور سائرہ بانو کی شادی 1995ء میں ہوئی تھی اور ان دونوں کے 3 بچے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید