• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم سرما میں ایندھن کی رعایت میں کٹوتی سے اگلے سال 50,000 افراد غربت کی دلدل میں چلے جائیں گے

لندن (پی اے) حکومت کے اپنے اندازوں کے مطابق موسم سرما کے دوران ایندھن کے الاؤنس میں کٹوتیوں کے باعث اگلے سال مزید50,000پنشنرز نسبتی غربت کی دلدل میں زندگی گزاریں گے۔ رواں سال کے آغاز میں چانسلر ریچل ریوز نے اعلان کیا تھا کہ 300پاؤنڈ کی ادائیگی کو صرف غریب ترین پنشنرز تک محدود کر دیا جائے گا، یعنی وہ افراد جو پنشن کریڈٹ کے اہل ہیں۔ کٹوتیوں کے اثرات کو کم کرنے کیلئے حکومت نے اہل پنشنرز کو پنشن کریڈٹ کیلئے درخواست دینے کی ترغیب دینے کیلئے ایک مہم کا آغاز کیا ہے۔ اعداد و شمار کی وضاحت کرتے ہوئے ورک او پنشن کی وزیر لِز کینڈل نے ایک خط میں کہا کہ یہ اندازے پنشن کریڈٹ کے زیادہ اپنائے جانے کے کسی ممکنہ اضافے کو مدنظر نہیں رکھتے۔ حکومت کے اندازوں کے مطابق مارچ 2025، مارچ 2026اور مارچ2028 کے اختتام تک رہائشی اخراجات کے بعد مزید 50,000 پنشنرز نسبتاً غربت میں ہوں گے۔ مارچ 2027، مارچ 2029اور مارچ 2030 کے اختتام پر یہ تعداد بڑھ کر 100,000ہو سکتی ہے۔ سالانہ اعداد و شمار کو قریبی 50,000تک محدود کر دیا گیا ہے۔ کینڈل نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ بنیادی اعداد و شمار میں معمولی تغیرات نظر انداز کردہ اعداد و شمار میں زیادہ بڑی تبدیلیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔ مجموعی تعداد کا مطلب ضروری نہیں ہے کہ یہ ہمیشہ ایک ہی پنشنرز ہوں گے کیونکہ انفرادی حالات کے مطابق لوگ وقتاً فوقتاً غربت میں آ سکتے ہیں یا غربت سے نکل سکتے ہیں۔ فی الحال حکومت کا اندازہ ہے کہ تقریباً1.9ملین پنشنرز یعنی تقریباً 15فیصد نسبتاً غربت میں ہیں۔ نئے اندازوں کے مطابق موسم سرما کے دوران ایندھن پر رعایت کی ادائیگی میں کٹوتیاں پنشنرز کی غربت کو0.5فیصد تک بڑھا سکتی ہیں۔ ایسے شخص کو نسبتاً غربت میں سمجھا جاتا ہے، جس کی آمدنی اوسط آمدنی کے60سے کم ہو۔ کینڈل نے اپنے خط میں کہا کہ ورک اور پنشن کے شعبے نے120,000 پنشنرز کو خط لکھ کر ترغیب دی ہے کہ وہ پنشن کریڈٹ کے لئے درخواست دیں جس کے وہ ممکنہ طور پر حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے دوران ایندھن کی ادائیگیوں میں کٹوتی کرنا حکومت کی خواہش نہیں تھی اور نہ ہی اس فیصلے کی توقع تھی۔ تاہم ہمیں22 بلین پاؤنڈ کے خسارے کے پیش نظر بجٹ کو متوازن کرنے کے لئے مشکل فیصلے کرنے پر مجبور کیا گیا۔ عوامی مالیات کی خراب حالت کو دیکھتے ہوئے یہ مناسب ہے کہ ہم اپنی مدد کو ان لوگوں تک محدود کریں جنہیں سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ کنزرویٹو پارٹی کی شیڈو ورک اینڈ پنشن کی وزیر ہیلن ویٹلی نے کہا کہ بالآخر پردہ ہٹ گیا اور ہم نے وہ دیکھا جس کا لیبر پارٹی کو ہمیشہ علم تھا۔ انہوں نے کہا کہ لیبر پارٹی موسم سرما میں ایندھن میں رعایت کی ادائیگی کی کٹوتیاں آنے والے چند برسوں میں100,000 پنشنرز کو غربت میں دھکیلنے جا رہی ہے۔ واضح طور پر کیئر اسٹارمر کو لگتا ہے کہ یہ سیاسی فائدے کے لئے ایک قیمت ہے جو وہ ادا کرنا چاہتے ہیں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ پنشنرز اس سے متفق ہوں گے۔ لبرل ڈیموکریٹس کی ٹریژری کی ترجمان ڈیزی کوپر نے کہا کہ اگرچہ کنزرویٹو نے یقیناً اس حکومت کو مالی بدحالی کا تحفہ دیا ہے لیکن اسے پنشنرز کو غربت میں دھکیلنے کا جواز نہیں بنایا جاسکتا ہے۔ برازیل میں ایک پریس کانفرنس کے دوران، جہاں وزیراعظم جی20سربراہی اجلاس میں شریک ہیں، سر کیئر اسٹارمر سے ان اعداد و شمار کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ریاستی پنشن اگلے موسم بہار میں70 پاؤنڈ تک بڑھے گی اور پنشنرز کی حالت بہتر ہوگی۔ سکاٹش لیبر پارٹی کے رہنما انس سرور نے سر کیئر سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ آئندہ حکومت بنائیں تو وہ پنشن کریڈٹ کے لئے اہلیت کو بڑھائیں گے۔

یورپ سے سے مزید