وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) ممتاز بزنس مین پی ٹی آئی یو ایس اے کے مرکزی رہنما ملک نعیم اختر نے پاکستان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نیازی فوری رہا کیا جائے۔ ان پر جھوٹے مقدمات کا لامتناہی سلسلہ بند کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ روانگی سے قبل وٹفورڈ میں نمائندہ روزنامہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملک نعیم اختر نے کہا کہ یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ عدالتیں عمران خان نیازی کو ان جھوٹے مقدمات سے ر ہا کرنے کے احکامات جاری کر تی ہیں مگر حکومت ان پر مزید مقدمات بنادیتی ہے۔ اب تھانہ نیو ٹاؤن میں عمران خان کے خلاف ایک اور جھوٹہ مقدمہ قائم کر دیا گیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ملک نعیم اختر نے کہا کہ ن لیگ کا ماضی گواہ ہے کہ اس نے پی ٹی آئی کی حکومت کو گرانے کے لئے ممبران پارلیمنٹ کے ضمیر کو خریدا پھر تحریک عدم اعتماد کے ذریعے پی ٹی آئی کی حکومت کو گرایا۔ ن لیگ کی حکومت ملک سیاسی و معاشی صورتحال بہتر کرنے اور جمہوریت کو فروغ دینے میں یکسر ناکام ہوگئی ہے۔ ملک نعیم اختر نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک موقع پر عوام افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان کے اندر عدم استحکام اور دہشت گردی پر سخت پریشا نی ہے۔ ملک نعیم اختر نے کہا کہ ہمیں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان اتحاد، اتفاق، نظم و ضبط کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے چیمپینز ٹرافی سے متعلق کہا کہ یہ آئی سی سی کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کے خلاف سخت پابندیاں عائد کر ے۔ پاکستان کی حکومت بھارت کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کر ے۔ مودی سرکار میں پاک بھارت تعلقات کبھی بہتر نہیں ہو سکتے۔