• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

22گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے نڈال کا کیریئر شکست پر ختم

پیرس(نیوز ڈیسک) ٹینس کی دنیا کے نامور اسٹار اور کلے کورٹ کے کِنگ اسپین کے رافیل نڈال کا انٹرنیشنل کیریئر اختتام پذیر ہو گیا۔22گرینڈ سلیم ،اولمپکس میں سونے کا تمغہ اور 92اے ٹی پی ٹائٹل سمیت بے شمار اعزاز اپنے نام کرنے والے اسپینش اسٹار کو آخری میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔گزشتہ روز کیریئر کے آخری میچ میں نڈال کو ڈیوس کپ ٹائی کے سنگلز میں ہالینڈ کے Botic van de Zandschulp نے اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی اپنے کیریئر کے آخری میچ کے بعد ٹینس کورٹ کو خیر باد کہتے ہوئے نڈال تھوڑے جذباتی بھی دکھائی دیئے۔الوداعی میچ کے بعد ٹینس ایریا میں نڈال کے شاندار کیریئر کی جھلکیاں بھی دکھائی گئیں، راجر فیڈرر، نوواک جوکووچ ، سرینا ولیمز سمیت دنیا کے نامور کھلاڑیوں نے رافیل نڈال کو خراج تحسین پیش کیا۔ نڈال نے اپنے کیریئر کا آغاز 2001میں 15برس کی عمر میں کیا تھا، اس دوران انہوں نے 14فرنچ اوپن سمیت 22گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کیے، ان میں 4یوا یس اوپن اور 2، 2بار آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن چیمپئن شپ بھی اپنے نام کی۔بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے نڈال کلے کورٹ کے کِنگ کہلائے جاتے تھے، نڈال نے 38اے ٹی پی ماسٹرز ٹائٹل کے علاوہ 2008 میں اولمپک گولڈ میڈل اور چار بار اپنے ملک کے لیے ڈیوس کپ ٹائٹل بھی جیتا، وہ 209ہفتے انٹرنیشنل ٹینس رینکنگ میں نمبر ون بھی رہے۔واضح رہے کہ نڈال نے گزشتہ ماہ ٹینس کے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ وہ نومبر میں ڈیوس کپ کے بعد انٹرنیشنل ٹینس کو الوادع کہہ دیں گے۔
یورپ سے سے مزید