تہران (اے ایف پی)ایرانی سرکاری میڈیا نے گزشتہ روز بتایا کہ ایران نے روس کے شہر کازان کی ایک یونیورسٹی میں ایرانی طلباء کی پرتشدد گرفتاری پر ماسکو سے احتجاج کیاہے۔شہر میں ایران کے قونصل خانے کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سرکاری خبر رساں ایجنسی ارناکے مطابق، جمعے کو کازان فیڈرل یونیورسٹی میں ویزا توسیعی مرکز کا دورہ کرنے والے دو ایرانی طلباء کو پولیس کی جانب سے غیر انسانی اور غیر پیشہ ورانہ تشددکا نشانہ بنانے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔ارنا نے کہا کہ جس پرایران نے روسی وزارت خارجہ کو ایک احتجاجی نوٹ جمع کرایاجس میں پولیس کی جانب سے ایرانی طلباء کے ساتھ تشدد آمیز سلوک کی مذمت کی گئی۔روس کے قریبی اتحادی ایران نے اس واقعے کی وضاحت کی درخواست کی ہے۔تاہم،دونوں طلباء کو قونصل خانے کی مداخلت کے بعد جمعہ کی شب رہا کر دیا گیا۔کازان پولیس کی پریس سروس نے جمعہ کو ٹیلی گرام کے ذریعے بتایا کہ طلباء کے درمیان جھگڑا ہاتھا پائی کی شکل اختیار کر گیا تھا، اور افسران نے لڑائی پراکسانے والوں کو حراست میں لے لیا۔تاہم،پولیس نےبیان میں گرفتار افراد کی قومیت نہیں بتائی۔