اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) نائب امیر جماعتِ اسلامی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی میں اختلاف نہیں طے شدہ نورا کشتی ہے۔ پیپلز پارٹی بغیر کسی ذمہ داری کے اقتدار کو بھرپور انجوائے کر رہی ہے۔ عوام دشمن حکومتی پالیسیوں کی پی پی پی برابر کی حصہ دار ہے۔ پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا اعتراف احتجاج کو بے جان کر رہا ہے۔ حکومت پی ٹی آئی کے پرامن احتجاج کا حق تسلیم کرے۔ حکومت اور اپوزیشن سیاسی بحران کے حل کیلئے لچک پیدا کریں ۔لیاقت بلوچ نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاقت ور استحصالی عناصر سماجی اور انسانی معاشرے پر نظریاتی، اقتصادی، سماجی، تعلیمی پسماندگی، جہالت، سیاسی انتخابی استحکام مسلط کردیتے ہیں۔ آئین کی پاسداری، صاف شفاف انتخابات، فوج، سِول بیوروکریسی، عدلیہ اور اسمبلیوں کے لیے آئینی حدود کو تسلیم کرنے اور عمل کرنے سے پاکستان بحرانوں سے نجات پائے گا۔ جماعتِ اسلامی ہر نوعیت کی استحصالی قوتوں کے مقابلہ میں اسلامی نظریاتی، قیامِ پاکستان کے مقاصد کے مطابق عوام کو منظم اور متحرک کررہی ہے۔ استحصالی قوتیں سب سے زیادہ نوجوانوں اور خواتین اور محروم طبقات کا استحصال کررہی ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے احتجاج کو اپنے اقدامات سے خود کامیاب کرتی ہے۔ پُرامن احتجاج پی ٹی آئی کا آئینی جمہوری حق ہے لیکن ʼاحتجاج بھی، اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات بھیʼ کی پالیسی سیاسی محاذ پر بے یقینی اور مایوسی کو بڑھارہی ہے۔ سیاسی بحران اور سیاسی کدورتوں کے خاتمہ کے لیے حکومت اور اپوزیشن دونوں لچک پیدا کریں تاکہ بحران ختم ہوں۔ چین، سعودی عرب، ترکی، ایران، افغانستان دوست ممالک ہی نہیں پاکستان کے لئے اسٹریٹیجک بنیادوں پر بہت اہم ہیں۔ اِن تعلقات کو ملک کی اندرونی سیاسی کدورتوں کا شکار نہ کیا جائے۔لیاقت بلوچ نے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کُرم ایجنسی پارا چنار میں سیکورٹی حصار میں بیگناہ مسافروں کے قافلے پر خوفناک دہشت گرد حملہ وفاقی، صوبائی حکومتوں اور سکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی بجلی کی فی یونٹ حقیقی قیمت کے تعین کے لئے دھرنے اور عوامی جدوجہد کو منطقی منزل تک پہنچائے گی۔