راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمدکرلی ۔ا ے این ایف نے کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ لاہور کے قریب بین الصوبائی منشیات سمگلنگ گروہ کے 2 کارندوں کو گرفتار کرکے ایک گاڑی سے 78 کلوگرام چرس برآمد کی۔منشیات سمگلنگ کی انٹیلی جنس اطلاع پر کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ پر ناکہ بندی کرکے اے این ایف کے عملے نے مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی توملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی۔اس دوران ملزمان نے اے این ایف کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچایاتاہم اے این ایف عملے نے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تلاشی لینے پر گاڑی سے 1200 گرام وزنی چرس کے 65 پیکٹ برآمد ہوئے۔پکڑی گئی منشیات کی مالیت تقریباً 55 لاکھ روپے بنتی ہے۔ملزمان کا تعلق بین الصوبائی منشیات سمگلنگ گروہ سے ہے۔اے این ایف حکام کے مطابق ملزمان پشاور سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں منشیات سمگل کرتے ہیں،ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔اے این ایف نے تین دیگر کارروائیوں میں 6 کروڑ سے زیادہ مالیت کی 114 کلو.450گرام منشیات برآمد کرلی۔بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں سمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 80 کلو مارفین اور 30 کلو چرس برآمد کرلی گئی ۔جی ٹی روڈراولپنڈی پر ایک ملزم کے قبضے سے 4 کلو ایک سو گرام چرس جب کہ کراچی میں کوریئر آفس میں نیوزی لینڈ کے لئے بک کرائے گئے پارسل سے پشاوری چپل میں چھپائی گئی 250 گرام آئس برآمدہوئی۔