راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)نفری کی عدم دستیابی اورراستوں کی بندش کے باعث اڈیالہ جیل کے حوالاتیوں کو عدالتوں میں پیش نہ کیا جاسکا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24نومبر کو احتجاج کی کال دی گئی ہے جس کی وجہ سے راولپنڈی اوراسلام آباد میں سکیورٹی الرٹ کرکے خصوصی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور دونوں شہروں میں پولیس کو امن وامان بحال رکھنے کے لئے تعینات کیاگیا ہے۔ اسلام آباد کے داخلی راستوں کی بندش اور نفری کی عدم دستیابی پر ہفتہ کو دونوں شہروں کے حوالاتیوں کو ان کے کیسوں میں پیشی کے لئے متعلقہ عدالتوں میں نہ پہنچایاجاسکا ۔ذرائع کاکہنا ہے کہ ہفتہ کو انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت میں زیر سماعت مقدمہ کے صرف 5حوالاتیوں کو جیل سے لاکر متعلقہ عدالت میں پیش کیاگیا،دیگر کسی حوالاتی یا قیدی کو پیش نہیں کیاگیا۔