راولپنڈی(نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے صدر سید انتظار مہدی اور جنرل سیکرٹری راجہ شاہد ظفر نے پارا چنار واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ میں ملوث مجرموں کو جلد از جلد گرفتار اور قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن قوتیں عوام کے درمیان لسانی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر تفریق اور تقسیم پیدا کرکے ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مسئلے کا حل نکالنے کے لئے سب کو جمع کر ے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ پارا چنار کے حوالے سے فوری طور پر گرینڈ جرگہ تشکیل دیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان مل بیٹھ کر مسائل حل کریں تاکہ ان قوتوں کو بھی واضح پیغام جائے جو خطے میں بد امنی چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور کے پی طویل عرصے سے آگ میں جل رہے ہیں باجوڑ میں عام شہری ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوئے لہذا اس طرح کے مسائل طاقت سے نہیں مذاکرات سے حل ہوں گے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پایا جائے ۔بجلی کی قیمتوں کم کرنے کیلئے فوری طور پر آئی پی پیز سے بات چیت اور معاملات تیزی سے حل کئے جائیں۔ عام کسان کی بجائے بڑے بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے، تنخواہ دار طبقے کا ٹیکس سلیب اور پٹرولیم لیوی کم کی جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔