کراچی( افضل ندیم ڈوگر) متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی مناسبت سے مسلسل تیسرے دن پورٹ گرینڈ میں تقریب ہوئی۔ تقریب میں یو اے ای کے سفیر حمد عبید ابراہیم سلیم الزابی اور قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے شرکت کی۔ تقریب کے آخری روز شہریوں کی بڑی تعداد نے پورٹ گرینڈ کا رخ کیا۔ تقریب میں بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین نے پاک یو اے ای تعلقات کو مزید وسط دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ شہریوں نے یو اے ای کی ثقافت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور روایتی کھانے اور مشروبات سے لطف اندوز ہوئے۔ وزیر ثقافت سندھ ذوالفقار شاہ بھی تقریب میں شریک تھے، یو اے ای کے سفیر اور قونصل جنرل کراچی نے پورٹ گرینڈ میں جاری میوزک شو کو بھی انجوائے کیا۔ یو اے ای کے سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات صدیوں پرانے ہیں جو دن بدن مضبوط ہورہے ہیں، یو اے ای میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں جو یو اے ای کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں، یو اے ای کی عوام بھی پاکستانی بہن بھائیوں سے بے انتہا محبت کرتے ہیں اور یہ محبت وقت کے ساتھ ساتھ بڑھ رہی ہے۔