لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہور چھٹی کے روز آلودہ ترین شہروں میں دنیا نمبر بھر میں پہلے نمبر پر رہا۔ ملکی سطح پر آلودگی کے حوالے سے ملتان397اے کیو آئی کیساتھ دوسرے اور پشاور کا189اے کیو آئی کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجتماعی کاوشوں سے ہی ہر شہری کی زندگی کا تحفظ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے اینٹری پوائنٹس پر بھاری گاڑیوں کا داخلہ سختی سے بند ہے، گرین لاک ڈاؤن ایریا میں کمرشل جنریٹرز کی انسپیکشن اور پانی کا چھڑکا ؤجاری ہے، عوام سے درخواست ہے کہ حکومتی اداروں سے تعاون کریں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم سب مل کر ہی ایک محفوظ اور صحت مند پنجاب کی بنیاد رکھ سکتے ہیں، حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں اوقاتِ کار کی خلاف ورزی پر 52دکانیں سیل کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے عوام سے اسموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مکمل تعاون کی اپیل ہے۔