پشاور(اسٹاف رپورٹر)سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے بانی چیئرمین کی رہائی کیلئے تحریک کا آغاز کردیا ہے، ہم خان کےلئے جان دینے کےلئے بھی تیار ہیں، اب حکومت کے پاس عمران خان کی رہائی کے سوا کوئی چارہ نہیں،اس لئے حکومت کو انہیں رہا کرنا پڑے گا، عمران خان کی کوئی کال ناکام ہوئی نہ ہی کوئی سمجھوتہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور سے تحریک انصاف کے قافلے کی روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عارف علوی نے کہا ہے کہ مذاکرات کا وقت ختم ہوگیا ہے، حکومت کو عمران خان کو رہا کرنا پڑے گا کیونکہ ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی اورچارہ نہیں،انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ہمارے نکلنے سے قبل ہی حکومت کی جانب سے راستے بند کرنے سے تحریک کامیاب ہوگئی ہے، ہم نکل چکے ہیں اب عمران خان کی رہائی کے بغیر کوئی واپسی نہیں ہوگی، انہوں نے کہاکہ خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، اگر الیکشن کے دن 70فیصد لوگ ہمارے ساتھ تھے تو آج90فیصد لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔