• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی چیمبر کا تاجروں کے مسائل حل کیلئے آرمی چیف کی یقین دہانیوں کا خیر مقدم

اسلام آباد( رپورٹ حنیف خالد )کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد جاوید بلوانی نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے کراچی اور اس کی تاجر برادری کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج ہمیشہ ہی ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے میں فعال کرادر ادا کرتی رہی ہے، ڈیجیٹل سکیورٹی سے متعلق مؤقف بھی قابل تعریف ، دنیا میں پاکستان کاتماشہ بنانیوالوں سے سختی سے نمٹا جائے ،حکومت آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکیج لینے کی بجائے صنعتی ترقی کا ماحول فراہم کر ے،۔ انہوں نے آرمی چیف کے ڈیجیٹل سیکیورٹی اور ڈیجیٹل سرحدوں کی حفاظت کے حوالے سے مؤقف کی بھی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ ڈیجیٹل سیکیورٹی کے حوالے سے سخت حکمت عملی اختیار کرنا بہت ضروری ہے۔ایسے عناصر سے سختی سے نمٹنا ہوگا جو دنیا بھر میں پاکستان کاتماشہ بنانے میں ملوث ہیں،کراچی کی تاجر برادری کافی حد تک پُر اُمید ہے کہ آرمی چیف کے جانب سے کئے گئے تمام وعدوں اور یقین دہانیوں پر فوری کارروائی عمل میں آئے گی جس کی نہ صرف کراچی اور صوبہ سندھ بلکہ پورے پاکستان کو اشد ضرورت ہے تاکہ معیشت کو جاری بحران سے نکالا جاسکے۔جنگ کے سوالات کا جواب دیتےہوے جاوید بلوانی نے کہا کہ قومی خزانے میں بڑے پیمانے پر حصہ ڈالنے کے باوجود کراچی کو کئی سال سے نہ ہی وفاق اور نہ صوبائی حکومت کی جانب سے وہ توجہ ملی جس کا یہ شہر حقیقت میں مستحق ہے، آرمی چیف کی جانب سے کراچی کو خصوصی توجہ کی بدولت یقینی طور پرہمارے شہر میں جلد بہتری نظر آئے گی جس کا اس شہر کی مظلوم عوام کو بے صبری سے انتظار ہے۔
اہم خبریں سے مزید