بنگلا دیش میں غداری کے الزام میں گرفتار ہندو رہنما چنمے کرشنا داس کی گرفتاری کے خلاف بھارت کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطاقب بھارتی شہر اگر تلہ میں 50 سے زائد مظاہرین نے بنگلا دیشی قونصل خانے پر حملہ کر دیا۔
بنگلا دیش کی عبوری حکومت کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے قونصل خانے کے مرکزی دروازے کو توڑ کر بنگلادیشی قومی پرچم کی بے حرمتی اور املاک کو نقصان پہنچایا ہے۔
بنگلا دیش نے واقعے پر بھارت سے مظاہرین کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارت نے اس واقعے پر مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفارتی اور قونصلر مقامات کو کسی بھی صورت نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
بھارتی وزارتِ خارجہ نے نئی نے دہلی میں بنگلا دیشی ہائی کمیشن اور ملک میں ان کے ڈپٹی ہائی کمیشنز کے حفاظتی انتظامات بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ ہندو رہنما چنمے کرشنا داس غداری سمیت دیگر الزامات میں بنگلا دیش میں گرفتار ہیں۔
ہندو رہنما کی گرفتاری پر ڈھاکا اور چٹاگانگ میں مظاہروں اور جھڑپوں میں ایک وکیل سیف الاسلام جاں بحق ہوئے تھے۔