لندن (پی اے) برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے یہ خیال رد کردیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی وہائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد برطانیہ کو امریکہ یا یورپی یونین میں سے کسی ایک کا انتخاب کرلینا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ کو تعلقات کیلئے یورپ یا امریکہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کی ضرورت نہیں۔ سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ ان کی حکومت امریکہ کے ساتھ تعلقات سے پیچھے نہیں ہٹے گی تاہم انھوں نے وعدہ کیا کہ وہ یورپ کے ساتھ بھی مضبوط تعلقات قائم کریں گے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ اب بہت مشکل وقت آرہا ہے اور ترقی کیلئے استحکام بہت ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ کو روس کے خلاف یوکرین کی مدد جاری رکھنی چاہئے۔ طویل عرصے سے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ امریکہ کے نومنتخب صدر یورپ کے خلاف تجارتی جنگ شروع اور یوکرین اور یہاں تک کے نیٹو کی امداد میں بھی کمی کردیں گے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ ایسی صورت میں برطانیہ کسی ایک کا ساتھ دینے کیلئے دباؤ میں آجائے گا۔ گزشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک قریبی اتحادی نے کہا تھا کہ برطانیہ کو امریکہ اور برطانیہ کے درمیان خصوصی تعلقات اور یورپی یونین کے ساتھ قریبی تعلقات میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ اسٹیفن مور نے بی بی سی کو بتایا کہ اگر برطانیہ معاشی آزادی کے امریکی ماڈل کی طرف بڑھتا ہے تو اس سے ٹرمپ انتظامیہ کی برطانیہ کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی ترغیب ملے گی۔ امریکہ میں برطانیہ کے سابق سفیر سر ڈیوڈ میننگ نے سر کیئر کی تقریر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا نقطہ نظرصحیح ہے لیکن انہوں نے متنبہ کیا کہ ایسا کرناآسان نہیں ہوگا۔ یہ ہمارے مفادات کو دونوں پولز کے درمیان گھسیٹنے کا سوال بننے والا ہے۔ انہوں نے بی بی سی کے ٹوڈے پروگرام میں کہا کہ یہ اچھا نہیں ہے کہ ہم یوکرین اور مشرق وسطیٰ جیسے مسائل پر ایک جیسے خیالات کا اظہار کریں۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ کو ٹرمپ کے اقدامات کا جواب دینا پڑے گا۔ لندن کے گلڈ ہال میں لارڈ میئر کے عشائیے میں خطاب کرتے ہوئے، جو سٹی آف لندن کارپوریشن کی جانب سے منعقد کی جا نے والی ایک سالانہ تقریب ہوتی ہے، جہاں وزیراعظم روایتی طور پر بین الاقوامی مسائل پر بات کرتے ہیں، سر کیئر نے بتایا کہ اب برطانیہ دنیا کے منظرنامے پر مضبوطی سے کھڑا ہوگا۔ ان خطرناک اوقات کے پس منظر میں یہ خیال کہ ہمیں اپنے اتحادیوں کے درمیان انتخاب کرنا پڑے گا کہ ہم یا تو امریکہ کے ساتھ ہیں یا یورپ کے ساتھ، بالکل غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس خیال کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہوں۔ ایٹلی نے اتحادیوں کے درمیان انتخاب نہیں کیا۔ چرچل نے انتخاب نہیں کیا۔ قومی مفاد کا مطالبہ ہے کہ ہم دونوں کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے بغیر کوئی ترقی نہیں ہے اور اتحادیوں کے بغیر کوئی سیکورٹی نہیں ہے۔ سر کیئر نے نو منتخب امریکی صدر کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے نیو یارک میں ستمبر میں ہونے والی ملاقات کے دوران انہیں بتایا تھا کہ برطانیہ آنے والے برسوں میں اپنے امریکی دوستوں کے ساتھ ٹرانس اٹلانٹک تعلقات میں پہلے سے کہیں زیادہ سرمایہ کاری کرے گا۔ حکومت میں موجود افراد نے ذاتی طور پر کہا کہ ٹرمپ اور ان کی ٹیم کے ساتھ بات چیت اچھی رہی ہے لیکن اس بات پر کم وضاحت ہے کہ اگر برطانیہ یورپی یونین کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کی کوشش کرے تو وہ کس طرح ردعمل ظاہر کریں گے۔ ایک اندرونی ذرائع نے کہا کہ ٹرمپ برطانیہ کے بارے میں مثبت خیالات رکھتے ہیں لیکن وہ یورپی یونین سے شدید نفرت کرتے ہیں۔ اپنی تقریر میں وزیرِاعظم نے یورپ کے ساتھ تعلقات کو دوبارہ استوار کرنے اور تعلقات کی تجدید کرنے کا وعدہ دہرایا، جو ان کے مطابق برطانیہ کی سیکو رٹی اور خوشحالی کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ ہمارے اپنے مفاد میں ہے کہ ہم روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے خلاف یوکرین کی سپورٹ کریں کیونکہ یورپ میں آزادی کا مستقبل آج طے ہو رہا ہے۔ برطانیہ اب دنیا کے اسٹیج پر اپنے قومی مفادات کے لئے زیادہ سخت جنگ لڑنے کا عزم رکھتا ہے اور انہیں دفاع کرنے کے لئے گہرا کھودنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیوٹن کی جیت ہماری اپنی سیکورٹی، استحکام اور خوشحالی کو نقصان پہنچائے گی، لہٰذا ہمیں یوکرین کی حمایت جاری رکھنی چاہئے اور ان کے دفاع میں مدد کیلئے جو بھی ضروری ہو، وہ کرنا چاہئے، چاہے جتنا وقت لگے۔