مانچسٹر(علامہ عظیم جی )بیرون ملک آباد پاکستانی مسلم کمیونٹی کو اپنے مذہب اور اچھی روایات اور جذبہ حب الوطنی کلچرکو خود اپناتے ہوئے اپنی نسلوں کو ان صفات کواپنانے کی تلقین و ترغیب دینی چاہئے اور دکھی انسانیت کی خدمت فلاح بہبود کیلئے وقت نکالنا چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار سید کاشف سجاد کی طرف سے نئے گھر کی افتتاحی تقریب میں ذکر حبیب کبریا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں محفل کے موقع پر شرکاء نے کیا۔ ڈاکٹر محمد یونس پرواز نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی اپنے وطن اور مذہب کے سفیر ہیں انہیں باہمی اتحاد کے ساتھ مذہبی اور ملی کلچر کو اجاگر کرنے کے لیے کرداراداکرنا چاہئے ۔ اس موقع پر طاہر چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک آباد پاکستانی اور مسلم کمیونٹی اپنی نئی نسل کو جدید تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے اپنے مذہبی اور ملی روایات سے بھی آگاہ رکھے اور انہیں اپنے وطن پاکستان کے ساتھ حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنے کے لئے ترغیب دے۔ امیر حمزہ ویلفیئر سوسائٹی برطانیہ کے صدر استاد محمد صفدر نے کہا کہ برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نئی نسل کو قر آن و سنت کی تعلیم اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کوششیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے سید کاشف سجاد شاہ کی انسانی خدمات کو سراہا۔سماجی رہنما سید قیصر بخاری نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے مختلف گروہوں کو اپنے فروعی اختلافات یا ملک کے حالات سے بالاتر ہو کر برطانیہ میں سیاسی سماجی اور دیگر شعبوں میں ترقی کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہیے اور اپنا اور اپنے وطن کا وقار بلند کرنا چاہیے۔ وسیم چوہدری نے کہا کہ برطانیہ میں مختلف شعبوں میں نوجوانوں کو بلند مقام حاصل کرنے کے لیے بزرگوں کو بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔ سید خالد عباس نے کہا کہ عالمی سطح پر انے والی تبدیلیوں سے اپنی نئی نسل کو اگاہ رکھنے کی سعی کرنی چاہیے۔ شیخ ساحل نے کمیونٹی کے مختلف شعبوں کو باہم رابطے رکھنے پر زور دیا ۔اس موقع پر میزبان سید کاشف سجاد نے کہا کہ برطانیہ میں رہنے والے پاکستانیوں کو اپنے وطن کی خوشحالی کے لیے ہر ممکن طور پرکوشاں رہنا چاہیے اور اپنے وطن میں دکھی انسانیت کے لیے فلاحی کام کرنے چاہی۔ تقریب میں علامہ پیر جی نے آزادی فلسطین کشمیر اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعا کرائی۔